| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد دوم |
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ مؤمن اور مؤمنہ کو اس کی جان و مال و اولاد کی مصیبتیں پہنچتی رہتی ہیں حتی کہ وہ رب سے اس طرح ملتا ہے کہ اس کے ذمہ کوئی گناہ نہیں ہوتا ۱؎(ترمذی)مالک نے اس کی مثل،ترمذی نے کہا کہ یہ حدیث حسن صحیح ہے۔
شرح
۱؎ یعنی جیسے نمازی پاک و صاف ہوکر مسجد میں جاتا ہے ایسے ہی مؤمن بلاؤں کے پانی کے ذریعہ گناہوں کی نجاستوں سے صاف ہوکر مسجدقدس میں حاضری دے کر نمازِ قرب اداکرتا ہے۔اس کی شرح پہلے ہوچکی کہ یہ قانون ہم جیسے گنہگاروں کے لیے ہے انبیاء،اولیاء،چھوٹے بچے اس سے علیحدہ ہیں ان کی مصیبتوں کی اور وجہ ہے،نیز قانون اور ہے قدرت کچھ اور،بہرحال یہ حدیث قابل اعتراض نہیں۔