روایت ہے حضرت ام حبیبہ سے فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا کہ جو ظہر سے پہلے چار رکعتوں پر اور اس کے بعد چار رکعتوں پر پابندی کرے ۱؎ اﷲ اسے آگ پر حرام کردے گا۲؎ (احمد ترمذی،ابوداؤد،نسائی،ابن ماجہ)
شرح
۱؎ اس طرح کہ پہلی چار ایک سلام سے پڑھے جیسا کہ اگلی حدیث میں آرہا ہے کیونکہ یہ چاروں مؤکدہ ہیں اور بعد کی چار دو سلاموں سے تاکہ مؤکدہ اور غیرمؤکدہ مخلوط نہ ہوجائیں کیونکہ ان میں پہلی دومؤکدہ ہیں بعد کی دو غیر مؤکدہ۔ ۲؎ یعنی آگ میں ہمیشگی سے مطلقًا بچائے گا اس طرح کہ اسے گناہوں سے بچنے اور نیک اعمال کرنے کی توفیق دے گا۔معلوم ہوا کہ سنت کی پابندی سے تقویٰ نصیب ہوتا ہے۔