| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد اول |
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ جب تم اسے دیکھو جومسجدمیں خریدوفروخت کررہا ہے تو کہہ دو اﷲ تیری تجارت میں نفع نہ دے ۱؎ اورجب تم وہاں کسی کو گمی ہوئی چیز ڈھونڈھتے دیکھو تو کہہ دو خدا کرے تیری چیز نہ ملے ۲؎(ترمذی ودارمی)
شرح
۱؎ معلوم ہوا کہ گناہ پر بددعا دینا جائز ہے۔بہتر یہ ہے کہ اسے سنا کر بددعا دے تاکہ تبلیغ بھی ہوجائے۔خریدو فروخت سے مرادصرف خریدوفروخت کی باتیں بھی ہیں اوروہاں مال حاضر کرکے بیچنابھی۔ ۲؎ اس کی شرح گزر چکی کہ ڈھونڈنے سے مراد شورمچاکر تلاش کرنا ہے۔