Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد اول
-12 - 728
مالك بن انس الاصبحی و ابی عبد اللہ محمد بن ادریس الشافعی
مالک ابن انس اصبحی ۱؎  اور ابو عبداللہ محمد ابن ادریس شافعی۲؎
۱؎  آپ مذہب مالکی کے امام ہیں،تبع تابعین میں سے ہیں۔اگرچہ آپ امام بخاری و مسلم سے پہلےگزرے اور آپ کی کتاب"مؤطا امام مالک"ان دونوں کتب سے پہلےلکھی گئی مگر چونکہ بخاری ومسلم کا رتبہ فن حدیث میں اعلٰی مانا گیا ہے اس لیے مصنف نے ان دونوں کے بعد آپ کا ذکر کیا۔بڑےمحدث،فقیہ،اور عاشق رسول ہیں،مدینہ منورہ میں رہے،سوائے ایک بار حج کےکبھی مدینہ شریف سے باہر نہ گئے،اس شہر پاک میں کبھی خچریا گھوڑے پرسوار نہ ہوئے حالانکہ آپ کے ہاں بہت گھوڑے تھے،بہت ادب سے باوضو حدیث بیان فرماتے تھے،تین سو تابعین چارسوتبع تابعین سےحدیثیں حاصل کیں،آپ کی ولادت     ۱۰۳؁ھ ربیع الاول میں ہوئی،وفات ۱۷۹ھ؁ میں ہوئی۔(یہ مرقاۃ کی روایت ہے)شامی میں ہے کہ امام مالک کی ولادت      ۹۰ ؁ھ اور وفات ۱۷۹ھ؁ میں،عمر ۸۹سال ہے۔واللہ اعلم! آپ کا مزار جنت البقیع مدینہ منورہ میں زیارت گاہ خاص وعام ہے۔فقیر نے زیارت کی ہے آپ کی کتاب حدیث مؤطا امام مالک مشہور ہے۔

۲؎  آپ کی کنیت ابوعبداللہہے،نام محمد ابن ادریس ابن عباس ابن عثمان ابن شافعی ابن سائب ابن عبید ابن عبدِ یزید ابن ہاشم ابن عبدالمطلب ابن عبدمناف ہے،لہذا آپ مطلبی ہاشمی ہیں۔شافعی ابن سائب کی نسبت سے آپ کا لقب شافعی ہے اور آپ کے سلسلۂ مذہب کا نام بھی شافعی،اورشافع کی والدہ خلدہ بنت اسد حضرت علی مرتضیٰ کی خالہ ہیں یعنی فاطمہ بنت اسدکی ہمشیرہ۔سائب جنگ بدرمیں کفار مکہ کےعلمبردار تھے جومسلمانوں کی قیدمیں آئے اورفدیہ دےکررہائی پائی،بعدمیں اسلام لائے، امام شافعی اسلام کے مایہ ناز امام،مجتہد، صاحبِ مذہب عابد،زاہد،بڑےباادب بزرگ ہیں۔اصول دین میں آپ نے چودہ ضخیم کتاب تصنیف فرمائیں،اورفروعات میں سوسے زیادہ،جب آپ کسی مصیبت میں ہوتے تو بغداد شریف حضرت امام ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ کے مزار پاک پر حاضر ہو کر دو رکعت نفل ادا کرکے حضور امام ابوحنیفہ کے توسل سے دعا فرماتے،رب تعالٰی مصیبت رفع فرماتا،خودفرماتے ہیں کہ امام ابوحنیفہ کی قبر قبول دعا کے لیے تریاق ہے،آپ کی ولادت ۱۸۰ھ؁ میں عین امام اعظم کی وفات کے دن مقام عسقلان یا مقام منیٰ میں ہوئی،مکہ معظمہ میں پرورش پائی،۵۴ سال عمر شریف پاکر   ۲۰۴؁ھ مصر میں وفات پائی۔قرافہ مصر میں مزار پرانوار ہے،امام مالک کے شاگرد ہیں اور امام محمد کی تصنیفات سے کسب علم فرمایا،رمضان شریف میں ہر شب ایک قرآن ختم فرماتے تھے۔رضی اللہ عنہ۔
Flag Counter