۱؎ آپ کی کنیت ابوعبداللہ ہے،نام شریف احمد ابن محمد ابن حنبل ابن بلال ابن ادریس ابن عبداللہ ابن جتان ابن اسد ابن نزار ابن معد ابن عدنان ہے،بڑےمحدث،فقیہ ومجتہدہیں۔امام مذہب ہیں،بغدادشریف میں ولادت ہوئی،طالبِ علمی میں کوفہ،بصرہ،شام،مکہ معظمہ ومدینہ منورہ گئے،آئمہ حدیث سے ملاقاتیں کیں،امام بخاری و مسلم ابوداؤد وغیرہ آپ کے شاگرد ہیں۔ساڑھے سات لاکھ احادیث سے منتخب کرکےمسنداحمدابن حنبل تصنیف فرمائی۔آپ کی بڑی عظمت یہ ہے کہ حضور غوث الثقلین سیدشیخ محی الدین عبدالقادربغدادی رضی اللہ عنہ آپ کے مذہب حنبلی کے پیرو ہیں،ہمیشہ فقر وفاقہ میں گزاری۔مسئلہ خلق قرآن پر شاہ بغداد مامون رشید آپ کا مخالف ہوگیا،آپ کوتیس کوڑے لگائے،ہرکوڑے پر آپ فرماتے کہ قرآن کلام اللہ قدیم ہے،آپ کی ولادت بغداد شریف میں ۱۶۴ھ میں ہوئی،۷۷ سال عمر پائی اور جمعہ کے دن بوقت چاشت ۲۴۱ھ میں بمقام بغداد وفات ہوئی،وہاں ہی آپ کا مزار پر انوار ہے۔آپ پر پچیس لاکھ مسلمانوں نے نماز پڑھی،وفات کے دن بیس ہزار کافر مسلمان ہوئے،آپ کی قبر انور سے مخلوق برکتیں حاصل کرتی ہے۔حضرت امام شافعی نے آپ کی وہ قمیض دھوکرپی جس میں آپ کوکوڑے مارے گئے تھے۔دوسوتیس برس کے بعد آپ کی قبرکھل گئی تو آپ کا جسم شریف و کفن مبارک بعینہ محفوظ تھا۔رضی اللہ عنہ(مرقاۃ و اشعہ وغیرہ)
۲؎ آپ کانام محمدابن عیسیٰ ابن صورہ ابن موسیٰ ابن ضحاک سلمی ہے،کنیت ابو عیسیٰ نہربلخ جیجون کے کنارے مقام ترمذ ولادت ہے،وہاں ہی وفات ہوئی۔شافعی مذہب ہیں،بڑےمحدث،عالم وعابدبزرگ ہیں،آپ کی کتاب ترمذی شریف جرح حدیث،بیان مذاہب میں بےمثال ہے،جس میں ایک حدیث ثلاثی ہےجو امام ترمذی تک صرف تین واسطوں سے حضور علیہ السلام سےپہنچی،آپ کی ولادت ۲۲۹ھ میں اوروفات ۲۷۹ھ میں ہوئی،عمرشریف پچاس سال ہوئی۔