باب المدینہ (کراچی )کی ایک ذمہ دار اسلامی بہن کے بیان کا لب لباب ہے کہ دعوت اسلامی کے بین الاقوامی تین روزہ سنتوں بھرے اجتماع کی آمد آمد تھی۔ آخری دن کی خُصُوصی نشست کا بیان ،ذکر ودعا اور صلوۃ وسلام بذریعہ ٹیلی فون اسلامی بہنوں کے باپردہ اجتماعات میں بھی رِلے(RELAY) کیا جاتا ہے ۔ چنانچہ ہمارے علاقے کی اسلامی بہنوں نے گھر گھر جاکر سنتوں بھرے اجتماع کی دعوت کو عام کرنا شروع کر دیا۔ ان اسلامی بہنوں میں مرحومہ زاہدہ عطاریہ بھی شامل تھیں۔ ان کا جذبہ قابلِ دید تھا ۔وہ اسلامی بہنوں پر اس سنتوں بھرے اجتماع کی آخری نشست میں شرکت کے لئے بھر پورانفرادی کوشش اور انہیں اجتماع گاہ میں لیجانے کے انتظامات میں مصروف دکھائی دیتی تھیں۔ سنتوں بھرے اجتماع سے ایک ہفتہ قبل اتوار کے دن اچانک ان کی طبیعت خراب ہو گئی۔ انہیں فوراًہسپتال میں لے جایا گیا ۔ جہاں ان کی حالت دیکھتے ہوئے انہیں فوراً داخل کر لیا گیا ۔تین روز بستر علالت پر رہنے کے بعدوہ منگل کے روز اس دنیائے فانی سے کوچ فرماگئیں