سِدْرَۃُ الْمُنْتَہٰی والے( یعنی حضرت جبریلِ امین علیہ الصلوۃ والسلام) نے عرض کی کہ میں نے تمام عالم کے پَرَت (طبق)الٹ پلٹ کر دیکھ ڈالے مگر آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کاثانی، آپ جیسے مرتبہ وشان والا کہیں نہ ملا(اسلئے کہ) حقیقت میں اس وَحْدَہٗ لَا شَرِیْک نے آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو بے مثل پیدا فرمایا یعنی آپ کا کوئی ثانی پیدا نہ فرمایا۔ان اشعار میں اس روایت کی طرف اشارہ ہے کہ ایک مرتبہ حضرتِ سیدناجبریل امین علیہ السلام نے بارگاہ رسالت میں حاضر ہوکر عرض کی:''میں نے زمین کے مشارِق و مغارِب الٹ پلٹ کردیکھ ڈالے مگر آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے بڑھ کرکسی کو افضل واعلیٰ نہ پایا۔''