مدنی تحریک کے مَدَنی اُصُولوں کی مُحَافَظت آپ ہی کی ذِمّہ داری ہے۔ ہر ایک کو تبدیلی کا اِختیار نہیں دیا جاسکتا ۔اُصُول و ضَوَابِط کی پاسداری کسی بھی تحریک یا اِدارے کے لئے انتہائی اَہمیت کی حامِل ہو تی ہے لِہٰذا اِس کی محافظت بھی اِنتہائی اہم ہے۔ اُصُول سے متعلق امیرِاہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ کے ایک مکتوب کا اِقتباس(اق۔تِ۔باس)پیش کرتا ہوں ۔
چنانچہ فرماتے ہیں''دعوتِ اسلامی اللّٰہ عَزَّوَجَلََّّّ کی رِضا کے لئے میدانِ عمل میں آئی ہے اور رِضائے الہی عَزَّوَجَلََّّّپانے کے لئے قِلّت وکَثْرت کی کوئی حیثیت نہیں۔ زَہے قِسْمت! اِخلاص و اَخلاق اور صلاح و تَقْوٰی کی دُرُسْتی مُیسر آجائے یہی نور اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلََّّّ مایوسیوں کی تاریکیوں اور وَحشتوں کی اندھیریوں کا جِگر چاک اورمُخالِفت کے کوہِ مِحَن(یعنی غم کے پہاڑ) کو پاش پاش کر کے رکھ دے گا۔ کاش! ہماری نظر ''اَسباب ''کے بجائے خَالقِ اَسباب پر جمی رہے۔ اُصُولوں پر جمَا رہنا اور اپنے ضمیر کاسودا نہ کرنا ہی ہمارے اَسلاف رَحِمَہُمُ اللہ تَعَالیٰ عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن کا وتیرہ (شیوہ ) رہا ہے ۔''
(ازمکتوبِ امیرِ اہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ )