Brailvi Books

مدنی کاموں کی تقسیم
47 - 59
مُشیر امین اور رازدار ہو
مشیر کے لئے امانت دار اور صاحبِ راز ہو نا بھی بہت ضروری ہے ۔ حدیث شریف میں ہے کہ ایک مرتبہ نبیوں کے سرور ،رسولوں کے افسر محبوبِ ربِ داور عزوجل وصلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم قیدی تقسیم فرمارہے تھے ۔جب دو غلام(یعنی قیدی ) باقی رہ گئے تو ایک انصاری صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ (حصولِ غلام کی غرض سے)حاضر ہوئے۔رسولِ مختار ،باذنِ پر وردگار عزوجل و صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا :''ان دونوں میں سے جو چاہو اختیار کر لو ''ان صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کی ، یارسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم !بلکہ آپ انتخاب فرمادیں ۔ پیارے آقاصلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے دو مرتبہ اپنا ایک دستِ اقدس دوسرے مبارک ہاتھ پرمارتے ہو ئے فرمایا:
''اَلْمُسْتَشَارُ اَمِیْنٌ،اَلْمُسْتَشَارُ اَمِیْنٌ''
یعنی جس سے مشورہ لیا جائے وہ امین ہے،جس سے مشورہ لیا جائے وہ امین ہے۔(اس ارشاد کے بعد فرمایا ) لے، (ان دونوں غلاموں میں سے) یہ لے لے، کیونکہ میں نے اسے نمازپڑھتے دیکھا ہے۔
 (مصنَّف عبدالرزاق ،ج ۱۰،ص۳۶۲ )
سیدنا امام بخاری علیہ رحمۃ الباری فرماتے ہیں کہ سرکارِ مدینہ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کے بعدخلفاء و ائمہ مباح کاموں میں امین لوگوں اور علماء سے مشورہ کیا کرتے تھے ۔
 ( الجامع لاحکام القرآن، الجز ء الرابع ،ص ۱۹۳)
سیدنا سفیان ثوری علیہ رحمۃ الباری فرماتے ہیں،'' متقی ، امانت دار اورخوفِ خدا عزوجل رکھنے والے شخص سے مشورہ کرنا چاہے'' ۔(ایضاً)
Flag Counter