حاصل ہونے کوکافی جانا۔''اور معجزہ کے دعوہ نبوت کے ساتھ ملے ہوئے ہونے کایہی مفہوم ہے۔
یوں ہی اور بھی کثیرمعجزات ہیں جوآپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے ظاہری وصال کے بعد ظاہرہوئے اورکئی ایسے ہیں جو علمِ غیب سے تعلق رکھتے ہیں جن کے متعلق آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے خبردی کہ وہ ظاہرہوں گے جن میں سے بعض آخری زمانہ میں ظاہر ہوں گے جس طرح حضرت سيدنا عیسیٰ روح اللہ علی نبيناوعلیہ الصلوٰۃ والسلام کا نزول فرمانا وغیرہ، تو آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے وصالِ ظاہری فرمانے کے بعد ان تمام امورکے وُقوع نے انہیں معجزات سے نہیں نکالاکيونکہ یہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی صداقت پر دلالت کرتے ہیں اور اس لئے بھی کہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی دعوت قیامت تک کے لئے ہے ۔
اوراس اُمت میں اولیاء کرام رحمہم اللہ تعالیٰ کی کرامات اسی باب سے ہیں یہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی صداقت پر دلالت کرنے والی ہیں اورجوکرامات آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے زمانہ ـ دعوت میں واقع ہوئیں وہ بھی حقیقت میں آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم ہی کامعجزہ ہیں۔