Brailvi Books

لباب الاحیاء (احیاء العلوم کا خلاصہ)
94 - 415
آزادی اور استطاعت:
    حج فرض ہونے کے لئے آزادی اور استطاعت بھی شرط ہے۔ جس شخص پر فرض حج لازم ہو اس پر فرض عمرہ بھی لازم ہے۔۱؎ جو شخص مکہ مکرمہ میں زیارت یا تجارت کی نیت سے داخل ہو اور لکڑیاں بیچنے والا نہ ہو تو ایک قول کے مطابق اس پر احرام لازم ہے پھر وہ عمرہ یا حج کے عمل کے ذریعے اس سے باہر آئے۔
استطاعت:
    استطاعت دو اعتبارسے ہوتی ہے۔

    (۱)خود اعمالِ حج کا بجا لانا اور اس کے لئے صحت کا ہونا،راستے کا پر امن،سبزہ والا ہونا(یعنی کھانے پینے کی چیزیں موجود ہوں) اور سمندری خطرہ نہ ہو، جانے اور وطن واپس لوٹنے تک کے اخراجات کا مالک ہو اور قرض کی ادائیگی کے بعد اس مدت کے دوران ان لوگوں کے اخراجات بھی اس کے پاس ہوں جن کا نفقہ اس کے ذمہ ہے اور سفری اخراجات پربھی قادر ہو۔ 

    (۲) اپاہج آدمی کے لئے استطاعت یہ ہے کہ وہ کسی آدمی کو حج پر بھیجے جو اپنے فرض حج سے فارغ ہو چکا ہو، اگر اپاہج آدمی کا بیٹااپنے باپ کی خدمت کے لئے تیار ہو جائے تو وہ استطاعت والا ہو جائیگا۔

    اِستطاعت کے بعد تاخیر ہوجانا اگرچہ جائز ہے۔ لیکن چونکہ اپنی موت کا وقت کسی کو معلوم نہیں لہٰذاجلد حج کر لینا بہتر ہے۔کیونکہ اگر بغیر حج کئے مر گیا تو وہ ترک ِحج کی وجہ سے اللہ عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں گناہگار حاضر ہو گا۔
ارکانِ حج:۲؎
    حج کے پانچ ارکان ہیں: (۱)احرام(۲)طواف (۳)طواف کے بعد سعی(۴)وقوفِ عرفات (۵)سرمنڈوانا۔
۱؎: احناف کے نزدیک عمرہ فرض نہیں بلکہ سنت ہے۔جیساکہ شیخ الاسلام علامہ برھان الدین مرغینانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں:''عمرہ سنت ہے۔''

(الہدایۃ،کتاب الحج،باب الفوات،ج۱،ص۱۷۸) 

۲؎:احناف کے نزدیک:'' حج میں یہ چیزیں فرض ہیں: (۱)احرام (کہ یہ شرط ہے)(۲) وقوفِ عرفہ( یعنی نویں ذی الحجہ کے آفتاب ڈھلنے سے دسویں کی صبح صادق سے پیشتر تک کسی وقت عرفات میں ٹھہرنا)(۳)طواف ِ زیارت کا اکثر حصہ (یعنی چارپھیرے )۔پچھلی دونوں چیزیں یعنی وقوف و طواف رُکن ہیں (۴) نیت (۵)ترتیب(یعنی پہلے احرام باندھنا، پھر و قو ف، پھر طواف کرنا) (۶)ہر فرض کا اپنے وقت پر ہونا( یعنی وقوف اُس وقت ہونا جومذکورہوا)، اس کے بعد طواف (اس کا وقت وقوف کے بعد سے آخر عمر تک ہے) (۷) مکان( یعنی وقوف زمینِ عرفات میں ہونا سِوا بطنِ عرفہ کے اور طواف کا مکان مسجدالحرام شریف ہے ۔''        (بہارشریعت،حج کابیان، حصہ۶،ص۱۲)
Flag Counter