(2) فَمَنْ یُّرِدِ اللّٰہُ اَنْ یَّھْدِیَہُ یَشْرَحْ صَدْرَہُ لِلْاِسْلاَمِ
ترجمۂ کنزالایمان:اورجسے اللہ راہ دکھانا چاہے اس کا سینہ اسلام کے لئے کھول دیتاہے۔''( پ ۸ ، الانعام: ۱۲۵)
میں موجود لفظ ِ''شَرْحٌ ''کے معنی پوچھے گئے تو آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: ''بے شک نور جب دل میں داخل ہوتا ہے تو اس کے لئے سینہ کشادہ ہو جاتا ہے اور وہ کھل جاتا ہے، عرض کی گئی: ''یا رسول اللہ عَزَّوَجَلَّ و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم !کیا اس کی کوئی علامت بھی ہے؟''توآپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: ''ہاں دھوکے والے گھر(یعنی دنیا)سے کنارہ کشی اختیار کرنا اورہمیشہ والے گھر کی طرف متوجہ ہونا، نیز موت آنے سے پہلے اس کی تیار ی کرنا۔''
(المستدرک، کتاب الرقاق، باب أعلام النور فی الصدور، الحدیث۷۹۳۳،ج۵،ص۴۴۲، بتغیرٍ قلیلٍ)
حضرت سَیِّدُنا جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں، حضور نبئ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ اَفلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے ہمیں خطبہ دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:''جو شخص کَلِمَۂ طَیِّبَہ
لَاإلٰہَ إلَّا اللہُ(مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللہِ)
پر ایمان رکھتے ہوئے آيا اوراس کے ساتھ کچھ اور نہ ملایا وہ جنت میں داخل ہو گا۔'' امیرالمؤمنین حضرت سَیِّدُناعلیُّ المرتضیٰ کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم نے عرض کی: ''میرے ماں باپ آپ پر قربان !یا رسول اللہ عَزَّوَجَلَّ وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم !کچھ اور مِلانے سے کیا مراد ہے ؟آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم ہميں واضح طور پر بیان فرمائیں؟'' آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: ''اس سے مراد دنیا کی محبت، اس کی طلب اور اس کی اِتباع کرنا ہے اور کچھ لوگ ایسے ہیں جو انبیاء کرام علیہم السلام کی باتوں جیسی باتیں کرتے ہیں
لیکن اعمال ظالموں جیسے کرتے ہیں، پس جو شخص کلمہ طیبہ
لَاإلٰہَ إلَّا اللہُ (مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللہِ)
پر ایمان رکھتے ہوئے آیااوراس (کے اعمال ) میں ظالموں کے اعمال میں سے کچھ نہ ہو تواس کے لئے جنت واجب ہوگئی۔''
(الکامل فی ضعفاء الرجال لابن عدی، الرقم۱۷۷۵۔محمد بن عبد الرحمٰن، ج۷،ص۵۵۰)
حضور نبئ کریم،رء ُوف رحیم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے:''سخاوت یقین میں سے ہے اورکوئی یقین والا دوزخ میں نہیں جائے گا اوربخل شک میں سے ہے اورشک کرنے والا جنت میں داخل نہ ہوگا۔ ''