Brailvi Books

لباب الاحیاء (احیاء العلوم کا خلاصہ)
294 - 415
بادشاہ کی طرف بھیجاجاتاہے اوروہ مخارجِ حروف کاخیال رکھتے ہوئے الفاظ کو بارباردُہراتا ہے لیکن محفل کے آداب سے غافل ہو جاتا ہے، ایساشخص اس لائق ہے کہ اسے پاگل خانے بھیج دیاجائے یااسے سزادی جائے۔

     اوریہی حال اس شخص کا ہے جوحج وروزہ میں مشغول رہتاہے اور دیگر عبادات بجالاتاہے لیکن اُن کی شرائط کوپورا نہیں کرتا مثلاًتوبہ واستغفار کرنا اورظلماًچھینی ہوئی اشیاء واپس کرنااوراعمال کی آفت کاعلم نہیں سیکھتا نیزوہ علم نہیں سیکھتا ظاہروباطن پاک رکھنے کے لئے جس کی اسے ضرورت ہے پس ایسا شخص اپنے علم سے دھوکے میں مبتلاہے۔

     صوفیاء: یہ قسم اصلی اوربناوٹی صوفیاء پر مشتمل ہے، ان کے مختلف گروہ ہیں۔

(۱)۔۔۔۔۔۔ ان میں سے کچھ وہ ہیں جومحض زیب وزینت اورظاہری آداب کو پسندکرتے ہیں اور خیال کرتے ہیں کہ صوفی کے لئے یہی کافی ہے۔

(۲)۔۔۔۔۔۔ان میں سے کئی ایسے ہیں جنہوں نے اس پر اضافہ کیااورعمدہ قسم کی گدڑیاں پہنیں جواعلیٰ قسم کے ریشم سے بھی زیادہ قیمتی ہوتی ہیں۔ اُن کی مثال اُس بڑھیاکی سی ہے جس نے سناکہ بہادرجوانوں کے نام بادشاہ کے دیوان میں لکھے جاتے ہیں وہ زِرہ پہنے ہوئے اسلحہ لے کربادشاہ کے دربارمیں حاضرہوئی،بادشاہ نے ا سلحہ اورقتال ومبارزت کے متعلق اس کوجانچنے کا حکم دیا۔ جب اس کے سرسے خود(یعنی لوہے کی ٹوپی) اور بدن سے زِرہ اتاری گئی تومعلوم ہواکہ یہ بڑھیاہے۔ اس سے کہاگیا:یہ توبادشاہ کی اہانت ہے۔ پس اسے پکڑکرہاتھی کے آگے ڈال دیاگیااوراس پر سزا جاری کردی گئی۔

(۳)۔۔۔۔۔۔ایک گروہ وہ ہے جو صوفیاء کے علوم ومعارف کے چندالفاظ سیکھ کر معرفت کادعوی کرتا ہے۔ یہ چیزہلاکت کاباعث ہے، اللہ عَزَّوَجَلَّ ہمیں اس سے محفوظ رکھے۔

(۴)۔۔۔۔۔۔ان میں سے بعض لوگ ایسے ہیں جو نیک اعمال کو چھوڑ دیتے ہیں اوریہ خیال کرتے ہیں کہ انہیں اعمال کی ضرورت نہیں حالانکہ وہ یہ نہیں جانتے کہ انہیں اپنے لئے اعمال کی ضرورت ہے نہ کہ غیرکے لئے۔

(۵)۔۔۔۔۔۔ان میں ایسے لوگ بھی ہیں جوہرقسم کی نعمتوں سے لطف اندوزہوتے ہیں،نہ فرق کرتے ہیں نہ تمیزاوریہ بھی نہیں جانتے کہ حلال کی کثرت بھی ان کی شان کے خلاف ہے۔

(۶)۔۔۔۔۔۔ ان میں سے بعض وہ ہیں جن کے لئے معرفت کاراستہ کھول دیا گیا لیکن جب انہوں نے اس کی خوشبوسونگھی تووہیں کھڑے ہوگئے اوریہ خیال کیا کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کا وصال حاصل ہوگیاحالانکہ اس راستے کے عجائب ختم نہیں ہوتے اورجوشخص ان میں سے کسی ایک کے پاس ٹھہر جاتاہے تواس کاقیام لمباہوجاتاہے ۔