Brailvi Books

لباب الاحیاء (احیاء العلوم کا خلاصہ)
27 - 415
وہ اپنی اور دوسروں کی نجات کا سامان کرتا ہے اور یہی انسان کا کمال ہے۔
فرضِ عین ،فرضِ کفایہ ،محمودا ورمذموم علوم کابیان :
    اللہ کے پیارے حبیب ،حبیب لبیب عَزَّوَجَلَّ وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمان عالیشان ہے:طَلَبُ الْعِلْمِ فَرِیْضَۃٌ عَلٰی کُلِّ مُسْلِمٍ ترجمہ:ہر مسلمان پر علم کا حاصل کرنا فرض ہے۔''
(سنن ابن ماجۃ ،کتاب السنۃ ،باب فضل العلماء والحث علی طلب العلم ،الحدیث۲۲۴،ص۲۴۹۱)
    ہر بالغ مسلمان پرصرف کلمۂ توحیدورسالت کی شہادت اور اس کا معنی ومفہوم سمجھنا ضروری ہے ، اس کے احکام کو دلائل کے ساتھ جاننا لازمی نہیں پس بغیر شک و شبہ کے اس کا اعتقاد رکھنا ہی کافی ہے اگرچہ یہ بات تقلیدسے حاصل ہو۔

    عرب کے اَن پڑھ جب اسلام قبول کرتے توحضور نبئ کریم،ر ء ُوف رحیم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم ان کے ساتھ ایسا ہی معاملہ فرماتے،پھر وہ مستقل طورپر پیش آنے والے احکامِ الٰہی کو سیکھنے میں مشغول ہو جاتے جیسے نماز،روزہ۔ پس نماز فرض ہونے کی عمر میں وہ نماز سیکھتے اور فرض ہونے سے پہلے اس کے لئے تیار ہوجاتے اور اسی طرح روزہ ہے۔

     مسلمان ہونے کے بعد سال گزرنے تک اگر وہ اتنے مال کا مالک رہتا ہے جس پر زکوۃ فرض ہے تو اس پر زکوۃ کا علم حاصل کرنا فرض ہے اوراسے بقدرِ ضرورت سیکھنا فرض ہے اور اسی طرح حج کے فرض ہونے سے آگا ہ ہو نابھی ضروری ہے لیکن جس طرح فوراً حج ادا کرنا ضروری نہیں اسی طرح حج کا علم سیکھنا بھی فوراََ ضروری نہیں اورپھر بقدرِ حاجت ان چیزوں کا علم حاصل کرنا بھی واجب ہے جو گناہوں کے ترک سے متعلق ہوں ۔

    پھر اگر اسے اپنے اعتقادات میں شک ہو تو اتنا علم حاصل کرنا اور غورو فکر کرنا ضروری ہے جس سے اس کا شک دور ہو جائے۔اسی طرح اس علم کا حاصل کرنابھی فرض ہے جس سے ہلاکت میں ڈالنے والی چیزوں سے نجات حاصل ہو اور درجات میں بلندی ہو۔ اس کے علاوہ دیگر علوم کا سیکھنا فرض کفایہ ہے فرض عین نہیں ۔

    معلوم ہوا کہ علوم کے درجات کا تعین علم آخرت سے قرب اور دوری کی بناء پر ہے جس طرح علوم شرعیہ دیگر علوم سے افضل ہیں اسی طرح حقائقِ شریعت سے تعلق رکھنے والا ظاہری علم احکام سے تعلق رکھنے والے علم سے افضل ہے پس فقیہہ ظاہری طورپر احکام کے صحیح وغلط ہونے کے متعلق بتاتا ہے جبکہ ایک علم اس کے علاوہ ہے جو عبادت کے قبول ہونے یا رد کئے جانے کی وضاحت کرتا ہے اور وہ صوفیاء کرام کا علم ہے جس کی وضاحت آگے آئے گی۔

    وہ مشہورعلماء جن کے مذاہب کی طرف لوگ متوجہ ہوتے ہیں اور ان کی اقتداء کرتے ہیں وہ علم فقہ،علم حقائق اور ان پر عمل
Flag Counter