Brailvi Books

لباب الاحیاء (احیاء العلوم کا خلاصہ)
255 - 415
    یہاں پر نہی سے مرادخاص اسی نعمت کے اپنی طرف منتقل ہونے کی تمنا کرنے سے روکنا ہے جبکہ کسی مسلمان کا یہ آرزو کرنا کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ اسے بھی اسی جیسی نعمت عطا فرمائے تو یہ آرزو مذموم نہیں اور اگر یہ چیز دین میں ہو تو قابلِ تعریف ہے۔(اسی کو رشک کہتے ہيں)

    جان لو! حسد کے بہت سے اسباب ہیں اور وہ دشمنی، فخر، بغض، تکبر ،خودپسندی، پسندیدہ مقاصد کے فوت ہونے کا خوف، حکومت کی خواہش ،نفس کی خباثت اور اس کا بخل ہے اور یہ سب کے سب مذموم ہیں۔

    حسد کا علاج یہ ہے کہ تم اس بات میں غور کرو کہ یہ دُنیا و آخرت میں نقصان دیتا ہے۔ جہاں تک دنیوی نقصان کا تعلق ہے تو وہ یہ ہے کہ تجھے اس سے اَذیت ہوتی ہے اور تو دِن رات غم والم کا شکار رہتا ہے۔ اور دینی نقصان یہ ہے کہ تو(بندے پر) اللہ عَزَّوَجَلَّ کی نعمت سے ناخوش رہتا ہے اور تیرا یہ رویہ اس نعمت والے کے لئے باعثِ ثواب اور تیرے لئے باعثِ گناہ ہے۔ جب تو یہ بات جانتا ہے کہ تو اپنے دشمن کا دوست نہیں بن سکتا(کہ اُسے فائدہ پہنچائے) تو تجھ پر ضروری ہے کہ تو تکلفاً حسد کو چھوڑ دے۔

     حضرت سیِّدُنا حسن بصری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے مروی ہے، نبئ اَکرم،نورِ مجسم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:
ثَلَاثَۃٌ فِی الْمُؤْمِنِ، لَہٗ مِنْھُنَّ مَخْرَجٌ، وَمَخْرَجُہ، مِنَ الْحَسَدِ اَنْ لَایَبْغِیْ۔
ترجمہ:مؤمن میں تین خامیاں پائی جاتی ہیں اوراس کے لئے ان سے نکلنے کا راستہ بھی ہے اور حسد سے نکلنے کا راستہ یہ ہے کہ وہ حد سے نہ بڑھے۔
(فردوس الاخبار للدیلمی، باب الفائ، الحدیث۴۳۹۲،ج۲،ص۱۲۵)
وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ تَعَالٰی وَحْدَہٗ
(اورسب خوبیاں اللہ عَزَّوَجَلَّ کے لئے ہیں جو یکتا ہے)
Flag Counter