| کفریہ کلِمات کے بارے میں سوال جواب |
وُجُودِ الٰہی کے انکار کے بارے میں سُوال جواب ''اللہ ہوتا تو غریبوں کا ساتھ دیتا''کہنا کیسا؟
سُوال:کسی نے مُشکِلات سے تنگ آکر يہ کہہ ديا:''اگر واقِعی اللہ عَزَّوَجَلَّ ہوتا تو غریبوں کا ساتھ دیتا، مجبوروں کا سَہارا ہوتا''اس بارے ميں کچھ ارشاد فرمائیے۔
جواب:مذکورہ جُملے سے صاف ظاہِر ہے کہ کہنے والااللہ عَزَّوَجَلَّ کے وُجُود ہی کا اِنکار کررہا ہے کہ غریبوں مجبوروں کی مدد نہ ہونا اِس وجہ سے ہے کہ (مَعاذَاللہ عَزَّوَجَلَّ)اللہ عَزَّوَجَلَّ نہيں ہے اگر ہوتا تو ان کی مدد ہوتی۔ کہنے والاکافِر و مُرتَدہے ۔
''اللہ ہوتا تو ضَرور سنتا ''کہنا کیسا؟
سُوال:یہ کہنا کیسا کہ ''مجھے ایسا لگتا ہے کہ اللہ نہیں ہے اگر ہوتاتو میری دُعا ضَرُور سنتا۔''
جواب:اِس جُملے میں اللہُ غفّار عَزَّوَجَلَّ کے وُجُود کا انکار پایا جا رہا ہے ۔کہنے والا کافِر ہو گیا ۔