آہ!آہ!آہ!موت کے وَقت ایمان چھیننے کیلئے شیطان طرح طرح کے ہتھ کنڈے استِعمال کریگا حتّٰی کہ ماں باپ کا رُوپ دھار کر بھی ایمان پرڈاکے ڈالے گا اور یہود ونصاریٰ کو دُرُست ثابِت کرنے کی مذمُوم سعی کریگا۔یقینا وہ ایسا نازُک موقع ہو گا کہ بس جس پراللہُ رَحمٰن عَزَّوَجَلَّ کاخاص کرم و اِحسان ہوگا وُہی کامیاب و کامران ہو گا اور اسی کا ایمان سلامت رہے گا ۔میرے آقا اعلیٰ حضرت،اِمامِ اَہلسنّت ،مولیٰناشاہ امام اَحمد رضا خان عليہ رحمۃُ الرَّحمٰن فتاوٰی رضویہ جلد 9صَفْحَہ83 پرفرماتے ہیں کہ امام اِبنُ الحاج مکّی(الْمَلِکی) قُدِّسَ سرُّہُ ''مَدْخَل''میں فرماتے ہیں کہ دمِ نَزع دو شیطان ، آدمی کے دونوں پہلو پر آ کر بیٹھتے ہیں ایک اُس کے باپ کی شکل بن کر دوسرا ماں کی۔ایک کہتا ہے :وہ شخص یہودی ہو کر مرا تُو(بھی) یہودی ہو جا کہ یہود وہاں بڑے چَین سے ہیں۔ دوسرا کہتا ہے: وہ شخص نصرانی(یعنی کرسچین ہو کر دنیا سے ) گیا تُو(بھی) نصرانی (کرسچین ) ہو جا کہ نصارٰی (کرسچین )وہاں بڑے آرام سے ہیں۔