جواب:میرے آقا اعلیٰ حضرت، اِمامِ اَہلسنّت،مولیٰناشاہ امام اَحمد رضا خان عَلَيْہِ رحمۃُ الرَّحمٰن فتاوٰی رضویہ جلد21 صَفْحَہ 216تا217 پر فرماتے ہیں :ہمزاد ازقسم شیاطین ہے ، وہ شیطان کہ ہر وقت آدمی کے ساتھ رہتا ہے وہ مُطْلَقاً کافِر ملعونِ اَبَدی ہے سوا اُس کے جو حضورِ اقدس صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں حاضِر تھا وہ بَرَکتِ صُحبتِ اقدس سے مسلمان ہو گیا ۔ صحیح مسلم میں حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ہے، رسول اللہ صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں:لوگو!تم میں کوئی شخص نہیں کہ جس کے ساتھ ہمزاد جِنّ اور ہمزاد فرشتہ نہ ہو۔ لوگوں نے عرض کی اے اللہ تعالیٰ کے رسول!(صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم )کیا آپ کے ساتھ بھی ہے؟ارشادفرمایا کہ ہاں میرے ساتھ بھی ہے لیکن اللہ تعالیٰ نے میری مدد فرمائی کہ وہ(ہمزاد شیطان)مسلمان ہو گیا لہٰذا وہ مجھے سوائے بھلائی کے کچھ نہیں کہتا۔(صحیح مسلم ص 1512 حدیث 2814) مزیدمعلومات کیلئے فتاوٰی رضویہ جلد 21 صَفْحَہ 216 تا 219 کا مُطالَعہ فرما لیجئے۔