اپنے اندر خوفِ خدا عَزَّوَجَلَّ پیدا کرنا چاہئے ۔ کروڑوں حنفیوں کے پیشوا اور میرے آقا و مولاحضرتِ امامِ اعظم ، فَقِیہِ اَفْخم، امام ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا خوفِ خدا مُلاحَظہ ہو۔ چُنانچِہ منقول ہے، ایک بارسیِّدُناامامِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کسی سے گفتگوفرما رہے تھے کہ کسی بات پر اچانک اُس شخص نے امامِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے کہا:اِتَّقِ اللہ!یعنی خدا کاخوف کرو!ان ا لفاظ کا اُس کے مُنہ سے نکلنا تھا کہ سیِّدُنا امامِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا چِہرہ زَرد پڑ گیا ، سر جُھکا لیا اورفرمانے لگے:بھائی!اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ کو جَزائے خیر دے ، عِلم پر جس وَقت کسی کو ناز ہونے لگے اُس وقت وہ اِس بات کا ضَرورت مند ہوتا ہے کہ کوئی اس کواللہ عَزَّوَجَلَّ کی یاد دلا دے ۔