کتابُ العقائد |
حضرت عبد الرحمن بن عوف، حضرت سعد بن ابی وقاص، حضرت سعید بن زید ، حضرت ابو عبیدہ بن جراح رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین ۔احادیث میں بعض اور صحابہ کرام کو بھی جنت کی بشارت دی گئی ہے چنانچہ خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے حق میں وارد ہے کہ وہ جنت کی بیبیوں کی سردار ہیں اور حضرت امام حسن اور حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہما کے حق میں وارد ہے کہ وہ جوانانِ بہشت کے سردار ہیں اسی طرح اصحاب بدر اور اصحاب بیعۃ الرضوان کے حق میں بھی جنت کی بشارتیں ہیں۔
امامت کا بیان
مسلمانوں کے لئے ایک ایسا امام ضروری ہے جو ان میں شرع کے احکام جاری کرے ، حدیں قائم کرے، لشکر ترتیب دے، صدقات وصول کرے، چوروں ، لٹیروں، حملہ آوروں کو مغلوب (۱)کرے، جمعہ و عیدین قائم کرے، مسلمانوں کے جھگڑے کاٹے، حقوق پر جو گواہیاں قائم ہوں وہ قبول کرے ،ان بیکس یتیموں کے نکاح کرے جن کے ولی نہ رہے ہوں اور ان کے سواوہ کام انجام دے جن کو ہر ایک آدمی انجام نہیں دے سکتا۔ امام کیلئے ضروری ہے کہ وہ ظاہر ہو چھپا ہو انہ ہو۔ورنہ وہ کام انجام نہ دے سکے گا جن کیلئے امام کی ضرورت ہے۔ یہ بھی لازم ہے کہ امام قریشی ہو، قرشی کے سوا اور کی امامت جائز نہیں ۔امام کیلئے ضروری ہے کہ مسلمان ،مرد ،آزاد ہو ، عاقل ،بالغ اور اپنی رائے، تدبیر اور شوکت و قوت سے مسلمانوں کے امور میں تصرف (۲)کر سکتا ہو یعنی صاحب سیاست ہو اور اپنے علم ، عدل اور شجاعت و بہادری سے احکام نافذ کرنے اور دار الاسلام کے حدود (۳)کی حفاظت اور ظالم و مظلوم کے انصاف پر قادر ہو۔ حضور نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے تمام صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم متقی و پرہیز گار ہیں
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ (۱)قابوپانا (۲) دخل (۳) سرحدیں