صوبہ پنجاب (پاکستان)کے ایک اسلامی بھائی کا بیان ہے کہ میں معاشَرے کا بگڑا ہوا نوجوان تھا اور دن بدن گناہوں کی دلدل میں دھنستا ہی چلا جارہا تھا ۔ میری اِصلاح کی صورت اس طرح بنی کہ ہمارے علاقے میں دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران نےV.C.D.اجتماع کی ترکیب بنائی ۔ میں بھی اس v.c.d.اجتماع میں شریک ہوا ۔ جب میں نے دعوتِ اسلامی کے بینَ الاقوامی سنّتوں بھرے اجتماع کے رُوح پرور مناظِر دیکھے تو بہت متأثر ہوا اور جب 27ویں شبِ رمضان کو ہونے والے امیرِ اہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ کے رقّت انگیز بیان کا کچھ حصہ سنا تو مجھے اپنے سابِقہ اندازِ زندگی سے وحشت محسوس ہونے لگی ، جوں جوں بیان سنتا گیا میرے دل کی دنیا بدلتی چلی گئی ۔ بالآخر میں نے اپنے تمام گناہوں سے توبہ کی اور دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول سے وابستہ ہوگیا ۔