| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۲۱۱)۔۔۔۔۔۔ ام المومنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانيت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''بے شک اللہ عزوجل اور اس کے فرشتے صفوں کی دا ہنی جانب نَماز پڑھنے والوں پر رحمت بھیجتے ہیں ۔''
(سنن ابی داؤد ،کتاب الصلوۃ ،باب مایستحب ان یلی الامام فی الصف، رقم ۶۷۶،ج ۱ ،ص ۲۶۸)
صفوں کو ملانے یا خالی رہ جانے والی جگہ پُر کرنے کا ثواب
(۲۱۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا براء بن عازب رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں كہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم صف پر تشریف لا تے اور قوم کے سینوں اور کندھوں کو برابر فرماتے اور فرمایا کرتے ،'' جدا جد انہ رہو کہیں تمہارے دل جد ا نہ ہوجائیں بے شک اللہ عزوجل اور اس کے فرشتے پہلی صف پر رحمت بھیجتے ہیں۔''ایک روایت میں یہ اضافہ ہے کہ'' جو صف کی کشادگی کو پُر کرتاہے اللہ عزوجل اسکا ایک درجہ بلند فرماتا ہے ۔'' ایک اورروایت میں ہے کہ'' اللہ عزوجل کے نزدیک کوئی قدم صف کے خلا کو پُر کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے قدم سے زیادہ پسندیدہ نہیں ۔''
(سنن ابی دا ؤد ،کتاب الصلوۃ ،با ب تسویۃ الصفوف ،رقم ۶۶۴ج۱،ص ۲۶۵)
(۲۱۳)۔۔۔۔۔۔ ام المومنین حضرتِ سیدتنا عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' بے شک اللہ عزوجل اور اس کے فرشتے صفوں کے خلا کو پُر کرنے والوں پر رحمت بھیجتے ہیں۔''
(صحیح ابن حبا ن ،کتا ب الصلوۃ،با ب فرض متابعۃ الامام ،رقم ۲۱۶۰ ،ج ۳ ،ص ۲۹۷ )
(۲۱۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جو بند ہ صف کے خلا کو پر کرتا ہے اللہ عزوجل اس کا ایک درجہ بلند فرماتا ہے اورملائکہ اس پر خیر نچھا ور کرتے ہیں ۔''
(طبرانی اوسط ، رقم ۳۷۷۱، ج ۳، ص ۲۹)
(۲۱۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عبد اللہ ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جو صف کو جوڑے گا اللہ عزوجل اسے جوڑے گا اور جو صف کو توڑے گا اللہ عزوجل اسکو توڑے گا ۔''
(سنن نسائی ، کتا ب الامامۃ ، باب من وصل صفا ، ج ۲ ،ص ۹۳)