| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۲۰۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا براء بن عازب رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں كہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم صف پر تشریف لا تے تو قوم کے سینوں اور کاندھوں کو برابر فرماتے اور فرمایا کرتے ،''جد ا جد انہ رہو کہیں تمہارے دل جدا نہ ہوجائیں ، بےشک اللہ عزوجل اور اس کے فرشتے پہلی صف پررحمت بھیجتے ہیں۔''
(ابن خزیمہ، باب التغلیظ فی ترک تسویۃ الصفوف،رقم۱۵۵۱، ج۳،ص۲۴)
(۲۰۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا نعمان بن بشیر رضی اللہ تعالی عنہما فرماتے ہیں کہ میں نے سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا ،''بیشک اللہ عزوجل اور اس کے فرشتے پہلی صف یا اگلی صفوں پر رحمت بھیجتے ہیں ۔ ''
(سنن ابن ماجہ ،کتاب اقامۃالصلوۃ والسنۃ فیھا، باب فضل الصف المقدم ، رقم ۹۹۷ ،ج ۱، ص ۵۲۸ ،بتغیر قلیل)
(۲۰۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو اُمَامَہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' بے شک اللہ عزوجل اور اس کے فرشتے پہلی صف والوں پر رحمت بھیجتے ہیں ۔''صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنھم نے عرض کیا ، ''یارسول اللہ !اور دوسری صف پر ؟'' تونبئ کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے دوبارہ فرمایا،'' بے شک اللہ عزوجل اور اس کے فرشتے پہلی صف پررحمت بھیجتے ہیں ۔'' صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنہم نے پھر عرض کیا ''یارسول اللہ!اور دوسری صف پر ؟'' تو آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ''اور دوسری پر بھی ۔''
(مسند احمد مسند الانصار / حدیث ابی امامۃ الباھلی ، رقم ۲۲۳۲۶ ، ج ۸، ص ۲۹۵)
(۲۰۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عرباض بن ساریہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں كہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم پہلی صف والو ں کے لئے تین مرتبہ اور دوسری صف والوں کیلئے ایک مرتبہ استغفار کیا کرتے تھے۔
(سنن ابن ماجہ ،کتاب امامۃ الصلوۃ والسنۃ فیھا ،باب الصف المقدم، رقم ۹۹۶، ج ۱، ص ۵۲۸)
(۲۰۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے كہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' اگر لوگ جان لیتے کہ اذان اور پہلی صف میں کیا ہے پھر قرعہ اندازی کے علاوہ کوئی چارہ نہ پاتے تو ضرور قرعہ اندازی کرتے۔''
(صحیح بخاری ،کتاب الاذان ، باب الاستھام فی الاذان ، رقم ۶۱۵ ،ج ۱ ،ص ۲۲۴)
(۲۱۰)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے كہ خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''مردوں کی صفوں میں بہترین صف پہلی صف ہے اور ان کی بری صف آخری صف ہے اور عورتوں کی صفوں میں سے بہترین صف آخری صف ہے اور ان کی بری صف پہلی صف ہے۔''
(صحیح مسلم ، کتاب الصلوۃ ،با ب تسویۃ الصفو ف وامامتھا الخ، رقم ۴۴۰، ص ۲۳۲)