| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۸۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے حضرتِ سیدنا بلال رضی اللہ تعالی عنہ سے فرمایا''مجھے اپنے اسلام میں کئے گئے سب سے زیادہ امید دلانے والے عمل کے بارے میں بتاؤ کیونکہ میں نے جنت میں اپنے آگے تمہارے جوتوں کی آواز سنی ہے۔''انہوں نے عرض کیا،'' میں نے اتنا امید دلانے والا عمل تو کوئی نہیں کیا، البتہ میں دن اور رات کی جس گھڑی میں بھی وضو کرتاہو ں تو جتنی رکعتیں ہوسکتی ہيں نَماز ادا کرلیتا ہوں ۔''
(صحیح بخاری، کتاب التہجد، با ب فضل الطھور باللیل والنھار الخ ،رقم ۱۱۴۹ ،ج ۱، ص ۳۹۰)
(۸۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عُقْبَہ بن عامر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ''جو شخص احسن طریقے سے وضو کرے اور دو رکعتیں قلبی توجہ سے ادا کرے تواس کے لئے جنت واجب ہوجائے گی۔''
(صحیح مسلم، کتا ب الطھارۃ ، باب ذکر المستحب عقب الوضوء ، رقم۲۳۴، ص ۱۴۴)
(۸۵)۔۔۔۔۔۔ امیر المومنین حضرتِ سیدنا عثمان رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ آپ رضی اللہ عنہ نے وضو کیا پھرفرمایاکہ ''میں نے تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانیت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو اسی طرح وضو کرتے ہو ئے دیکھا ،پھر آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جو میری طرح وضو کرے پھر دورکعتیں پڑھے اور ان میں کوئی غلطی نہ کرے تو اس کے پچھلے گناہ معاف کردئیے جائیں گے۔''
(صحیح بخاری ، کتا ب الوضوء ، با ب الوضوء ثلاثا ثلاثا، رقم ۱۵۹، ج ۱، ص ۷۸)
(۸۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا زید بن خالد جُہنی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جس نے احسن طریقے سے وضو کیا پھر دو رکعتیں اس طر ح پڑھیں کہ ان میں کوئی غلطی نہ کی تو اس کے پچھلے گناہ معا ف کردیئے جائیں گے ۔''
(سنن ابو داؤ د، کتا ب الصلوۃ ، با ب کراھیۃ الوسوسۃ ، رقم ۹۰۵، ج ۱، ص ۲)
(۸۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابودَرْدَاء رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا کہ میں نے سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہو ئے سنا،''جس نے احسن طریقے سے وضو کیا پھر اٹھ کر دویاچار رکعتیں پڑھیں اورا ن کے رکوع و سجود،خشوع کے ساتھ ادا کئے پھر اللہ عزوجل سے مغفر ت طلب کی تو اللہ تعالی اس کی مغفرت فرمادے گا۔''
(مسند احمد ، بقیۃ حدیث ابی دَرْدَاء ، رقم ، ۲۷۶۱۶ ،ج ۱۰، ص ۴۳۰ )