Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
56 - 736
ہر وقت با وضو رہنے کا ثواب
(۷۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ثوبان رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ''دین پر ثابت قدم رہو، تم ہر گز اس کی برکات شمار نہ کرسکو گے اور جان لو کہ تمہارے اعمال میں سب سے بہتر عمل نَماز ہے اور مومن ہی ہر وقت باوضو رہ سکتاہے۔''
(سنن ابن ماجہ ، کتا ب الطہارۃ،باب المحافظۃ علی الوضوء ، رقم ۲۷۷، ج ۱ ،ص ۱۷۸)
(۷۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ربیعہ جرشی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے كہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' ثابت قدم رہو اور کیا ہی اچھا ہے اگر تم ثابت قدم رہو اور وضو پرہمیشگی اختیا رکرو کیونکہ تمہارے اعمال میں سب سے بہتر عمل نَماز ہے اور زمین سے خبرداررہو کہ یہ تمہاری اصل ہے اور اس زمین پر جوکوئی بھی اچھا یا برا عمل کریگا زمین اس کے بارے میں خبر دے گی۔''
    (طبرانی کبیر ، رقم ۴۵۹۶،ج ۵ ،ص ۶۵)
(۷۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدناابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے كہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا'' اگر میری امت پر گراں نہ گزرتاتو میں انہیں ہر نَماز کے وقت وضو اورہر وضو کے ساتھ مسواک کرنے کا حکم دیتا۔''
  (مسند احمد ، مسند ابی ہریرہ ، رقم ۷۵۱۶،ج ۳، ص ۷۲)
(۷۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما کہتے ہیں كہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم فرمایا کرتے تھے ''جو وضو ہونے کے باوجود وضو کرے گا اس کے لئے دس نیکیاں لکھی جائیں گی۔''
(سنن ابوداؤد ، کتا ب الطھارۃ، با ب الرجل یجد د الوضوء من غیرحدث ،رقم ۶۲، ج ۱ ،ص ۵۶)
(۷۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا بریدہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ ایک صبح حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاك صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم بیدا ر ہوئے تو حضرتِ سیدنا بلال رضی اللہ تعالی عنہ کو پکارا پھر دریافت فرمایا '' اے بلال ! کونسی چیزتمہیں مجھ سے پہلے جنت میں لے گئی؟آج شب میں جنت میں داخل ہوا تو میں نے اپنے آگے تمہارے قدموں کی آواز سنی۔'' تو حضرتِ سیدنا بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کیا ،''یا رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم میں(وضو کرنے کے بعد) ہمیشہ دورکعتیں پڑھ کراذان دیتاہوں اور جب بے وضو ہوجاتاہوں تو فوراً وضو کرلیتا ہوں۔'' تو رحمتِ عالم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا''(اچھا!)یہی وجہ ہے ۔''
(مسند احمد ، حدیث بریدہ الاسلمی ، رقم ۲۳۰۵۷، ج۹، ص ۲۰)
Flag Counter