Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
53 - 736
مشقت کے وقت کامل وضو کرنیکی فضیلت
(۶۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے كہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' کیا میں تمہاری ایسے عمل کی طرف رہنمائی نہ کروں جس کے سبب اللہ عزوجل گناہ مٹا تاہے اور درجات کو بلند فرماتاہے ؟'' صحابہ کرام علیھم الرضوان نے عرض کیا،''یارسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم!کیوں نہیں ، ضرورکیجئے۔''ارشاد فرمایا ''دُشواری کے وقت کا مل وضو کرنا اور مسجدکی طرف کثرت سے چلنا اور ایک نَماز کے بعد دوسری نَماز کا انتظار کرنا، پس یہی گناہوں سے حفاظت کیلئے قلعہ ہے ،پس یہی قلعہ ہے۔''
 (صحیح مسلم ، کتا ب الطھارۃ ، با ب فضل اسباغ الوضوء ، علی مکارہ، رقم۲۵۱، ص ۱۵۱)
(۶۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہماسے روایت ہے کہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ارشاد فرمایا،'' کیا میں تمہاری ایسے عمل کی طرف رہنمائی نہ کروں جس کے سبب اللہ عزوجل خطاؤں کو مٹاتاہے اور گناہوں کو معاف فرمادیتاہے۔'' صحابہ کرام علیھم الرضوان نے عرض کیا،'' کیوں نہیں ، یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم!'' تو ارشاد فرمایا،'' دشواری کے وقت کامل وضو کرنا اور مسجد کی طرف کثرت سے آنا اور ایک نَماز کے بعد دوسری نَماز کا انتظار کرنا۔''
 (الاحسان بترتیب صحیح ابن حبان، کتا ب الطہارۃ، باب فضل الوضو ء ، رقم۱۰۳۶ ، ج ۲، ص۱۸۸)
(۶۵)۔۔۔۔۔۔ امیر المومنین حضرتِ سیدنا علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے كہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' مشقت کے وقت کامل وضو کرنا اور مسجد کی طرف کثرت سے آمدورفت اور ایک نَماز کے بعد دوسری نَماز کا انتظار کرنا گناہوں کو اچھی طرح دھودیتا ہے۔''
(المستدرک للحاکم ، کتاب الطھارۃ ، باب فضیلۃ تحیۃ الوضوء، رقم۴۶۸، ج ۱،ص ۳۴۲)
(۶۶ )۔۔۔۔۔۔ امیرالمومنین حضرتِ سیدنا علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے كہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاك صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جس نے سخت سردی میں کامل وضو کیا اس کے لئے ثواب کے دو حصے ہیں۔''
(مجمع الزوائد،وکتا ب الطہارۃ ، با ب فی اسباغ الوضوء ، رقم ۱۷ ۱۲ ، ج ۱، ص ۵۴۲)
Flag Counter