Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
52 - 736
ہو ں ؟''تو آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ،''ہاں۔''
(صحیح ابن خزیمہ ، کتا ب الصلوۃ ، با ب اقام الصلوۃ من الاسلام ، رقم ۳۰۸ /۳۰۹، ج ۱، ص ۱۵۹،بتغیر قلیل)
(۶۰)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانیت صلَّی اللہ تعالیٰٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم قبرستان کی طرف تشریف لائے تو فرمایا،'' اے مومن قوم کے گھر ! تجھ پر سلامتی ہو اگر اللہ عزوجل نے چاہا توہم بھی تمہارے ساتھ ملنے والے ہیں، میں پسند کرتا ہو ں کہ ہم اپنے بھائیوں کو دیکھ لیتے۔''توصحابہ کرام علیھم الرضوان نے عرض کیا،'' یارسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم! کیاہم آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے بھائی نہیں ہیں؟ ''فرمایا،'' تم میرے صحابہ ہو اور ہمارے بھائی وہ لوگ ہیں جوابھی تک پیدا نہیں ہوئے۔'' صحابہ کرام علیھم الرضوان نے عرض کیا،'' جو ابھی تک پیدا نہیں ہوئے، آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم انہیں کیسے پہچانیں گے ؟''تو رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا، ''تمہارا کیا خیال ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس ایک سیاہ گھوڑا ہو اوراس کے سیا ہ کندھوں کے درمیان ایک چمکدار نشان ہو تو کیا وہ اپنے گھوڑے کو نہ پہچان سکے گا؟'' عرض کیا ، ''کیوں نہیں، یا رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم!'' تو فرمایا ''جب یہ میرے حوض پر آئیں گے تو ان لوگوں کے اعضاء وضوکے باعث چمکتے ہونگے اور میں حوض کوثر پر ان کی پیشوائی کیلئے موجود ہوں گا۔''
  (صحیح مسلم ، کتا ب الطہارۃ ، با ب استجاب اطا لۃ الغرۃ ، رقم ۲۴۹ ، ص ۱۵۰)
(۶۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا ''جب میری امت کو قیامت کے دن پکارا جائے گا تو وضو کے باعث ان کی پیشانیاں اور قدم چمکتے ہوں گے،لہذا تم میں سے جو اپنی چمک میں اضافہ کرنیکی استطاعت رکھے اسے چاہیے کہ اس میں اضافہ کرے۔''
     (صحیح بخاری ، کتاب الوضوء والقر المعجلون الخ ، رقم ۱۳۶ ، ج ۱، ص ۷۱)
(۶۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا کہ'' جنت میں مومن کا زیور وہاں تک ہوگا جہاں تک وضو کا پانی پہنچتاہے ۔''

    ابن خزیمہ کی روایت میں ہے کہ میں نے رسول اللہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا ''جنت میں اعضائے وضو تک زیور ہوں گے۔''
(صحیح مسلم ، کتا ب الطھارۃ ، باب تبلغ الحلیۃ حیث یبلغ الوضوء ، رقم ۲۵۰ ، ص ۱۵۱)
Flag Counter