چار غلام آزادکرنے کا ثواب
(۱۲۱۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ایوب رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''جس نے دس مرتبہ یہ کلمہ پڑھا
لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَ ہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ
گویا اس نے اولا دِ اسماعیل علیہ السلام میں سے چار غلام آزاد کئے ۔''
(الترغیب والترہیب، کتاب الذکر والدعا ء ،باب التر غیب فی قول لاالہ الا اللہ وحدہ ،الخ ،رقم ۱ ،ج ۲، ص ۲۷۰)
(۱۲۱۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،'' جس نے ایک دن میں سو مرتبہ یہ کلمہ '
' لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَ ہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ ۔''
پڑھاتو یہ اس کے لئے دس غلام آزاد کرنے کے برابر ہے اور اس کے لئے سو نیکیاں لکھی جائیں گی ، اس کے سوگناہ مٹادیئے جائیں گے اور یہ کلمہ اس دن شام تک شیطان سے اس کی حفاظت کریگا اور اس دن اس سے عمل میں کوئی نہ بڑھ سکے گا مگر جو اس سے زیادہ مرتبہ پڑھے ۔''
(صحیح بخاری ،کتا ب الدعوات، باب فضل التھلیل، رقم ۶۴۰۳ ،ج ۴ ،ص ۲۱۸)
(۱۲۱۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو مُنْذِر جُہْنِی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے عرض کیا،'' یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! مجھے سب سے افضل کلمہ سکھائیے۔'' شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''اے ابو منذر !روزانہ سو مرتبہ یہ کلمات پڑھ لیا کرو
'' لاَ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَ ہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُیُحْیٖ وَیُمِیْتُ بِیَدِہِ الْخَیْرُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ
ترجمہ ! اللہ تعالی کے سوا کوئی معبو د نہیں ، وہ اکیلا ہے ، اس کا کوئی شریک نہیں ، اسی کی با دشاہی ہے ،سب خوبیوں سر اہا ،زندہ کرتا اور مارتا ہے ۔ اسی کے قبضے میں بھلائی ہے ،اور وہ ہر چیز پر قادر ہے ۔'' تواس دن عمل کے لحاظ سے تم سے افضل کوئی نہ ہوگا مگر وہ جو تمہاری مثل پڑھے ۔''
(مجمع الزوائد ،کتا ب الاذکار ، باب فیمن ھلل مائۃ لو اکثر ،رقم ۱۶۸۳۱ ،ج۱۰، ص ۹۶)