Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
42 - 736
بحث اور جھگڑا ترک کرنے کا ثواب
(۳۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو اُمَامَہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانیت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایاکہ'' جوغلطی پر ہوتے ہوئے جھگڑناچھوڑ دے اس کے لئے جنت کے کنارے پر ایک گھر بنایا جائے گااور جو حق پر ہوتے ہوئے جھگڑنا چھوڑدے گا اس کے لئے جنت کے وسط میں ایک گھر بنایا جائے گا اور جس کا اخلاق اچھا ہوگا اس کے لئے جنت کے اعلی مقام میں ایک گھر بنایا جائے گا۔''
(سنن ترمذی ، کتا ب البروالصلۃ ، باب ماجاء فی المراء ، رقم ۲۰۰۰ ، ج ۳ ،ص ۴۰۰)
(۳۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابودَرْدَاء ،ابواُمَامَہ اور واثلہ رضی اللہ تعالی عنہما کی روایات کا خلاصہ ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ارشاد فرمایا،'' جھگڑنا چھوڑ دو، میں حق پر ہوتے ہوئے جھگڑا چھوڑنے والے کو جنت کے کنارے ،وسط اور اعلیٰ درجے میں تین گھروں کی ضمانت دیتا ہوں، جھگڑنا چھوڑدو،بے شک ميرے رب عزوجل نے مجھے بتوں کی پوُجاسے منع کرنے کے بعد سب سے پہلے جھگڑا کرنے سے منع فرمایا ہے ۔''
(طبرانی کبیر ، رقم ۷۶۵۹ ، ج ۸، ص ۱۵۲)
Flag Counter