پھررب تعالیٰ فرماتاہے ،''اگر وہ مجھے دیکھ لیتے تو کیاکرتے ؟ ''فرشتے عرض کرتے ہیں،'' اگروہ تجھے دیکھ لیتے تو تیری بہت زیادہ عبادت کرتے اور زیادہ شوق سے تیری پاکی اور بزرگی بیان کرتے۔'' پھر اللہ عزوجل پوچھتاہے کہ'' وہ مجھ سے کیا مانگتے ہیں؟'' فرشتے عرض کرتے ہیں،'' تجھ سے جنت مانگتے ہیں ۔''اللہ عزوجل فرماتاہے،'' کیا انہوں نے اسے دیکھا ہے؟'' فرشتے عرض کرتے ہیں، ''تیری قسم! نہیں دیکھا۔'' رب عزوجل فرماتاہے،'' اگر وہ دیکھ لیتے تو کیا کرتے ؟''وہ عرض کرتے ہیں ،'' اگر وہ اسے دیکھ لیتے تو شدت کے ساتھ اسے پانے کی خواہش کرتے ،ا سکی طلب میں شدید کوشش کرتے اور اس میں زیادہ رغبت رکھتے۔''
پھر اللہ تعالیٰ فرماتاہے،'' وہ کس چیزسے پناہ مانگتے ہیں؟ ''فرشتے عرض کرتے ہیں ،'' وہ جہنم سے پناہ مانگتے ہیں ۔''اللہ عزوجل فرماتا ہے،'' کیا انہوں نے جہنم کو دیکھا ہے؟'' فرشتے عرض کرتے ہیں،''تیری قسم! نہیں دیکھا ۔'' رب تعالیٰ فرماتاہے،'' اگر وہ اسے دیکھ لیتے تو کیا کرتے؟'' فرشتے عرض کرتے ہیں ،''اگر وہ اسے دیکھ لیتے تو شدت کے ساتھ اس سے فرار اختیار کرتے اوراس سے خوف کھاتے۔'' تو اللہ عزوجل فرماتاہے ،''میں تمہیں گواہ بناتا ہوں کہ بےشک میں نے ان کو بخش دیا ۔'' ان میں سے ایک فرشتہ عرض کرتاہے ،'' فلاں شخص ان میں سے نہیں بلکہ وہ اپنی کسی ضرورت کے تحت آیاتھا؟'' تو اللہ عزوجل فرماتا ہے، ''وہ ایسے لوگ ہیں جن کا ہم نشین بھی محرو م نہیں رہتا ۔''