| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۱۱۷۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' بیشک شیطان اپنی سونڈ اِبن ِآدم کے دل پر رکھے ہوئے ہوتا ہے،جب انسان اللہ عزوجل کا ذکرکرتاہے تو شیطا ن پیچھے ہٹ جاتا ہے اورجب وہ ذکرُاللہ عزوجل کو بھول جاتا ہے تو شیطان اس کا دل چبانے لگتا ہے اور یہی خنّاس کے وسوسے ہیں ۔ ''
(ابویعلی ،مسند انس بن مالک ،رقم ۴۲۸۵ ، ج۳ ، ص۴۵۳)
(۱۱۷۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' اللہ عزوجل فرماتا ہے کہ اے ابن آدم !جب تو میرا ذکر کرتا ہے تو میرا شکر کرتاہے اور جب مجھے بھول جا تا ہے تو میری ناشکری کرتا ہے۔ ''
(طبرانی اوسط ،من اسمہ محمد ، رقم ۷۲۶۵، ج۵ ،ص ۲۶۱)