| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۱۱۳۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ایک صحابی رضی اللہ عنہ سے فرمایا،'' اے فلاں! کیا تم نے شادی کرلی ہے ؟ ''تو اس نے عرض کیا ،''یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! خداکی قسم! نہیں کی، میرے پاس شادی کرنے کے لئے کچھ نہیں ۔''فرمایا،'' کیا تمہیں
قُلْ ھُوَ اللہُ اَحَدٌ
یا د نہیں؟'' اس نے عرض کیا ،''کیوں نہیں ۔'' آپ نے ارشاد فرمایا،'' یہ تہائی قرآن کے برابر ہے۔'' پھر فرمایا،'' کیا تمہیں
اِذَا جَآءَ نَصْرُ اﷲِ وَالْفَتْحُ
یا د نہیں ؟'' اس نے عرض کیا،'' کیوں نہیں ۔''فرمایا،'' یہ چوتھا ئی قرآن کے برابر ہے۔'' پھر دریافت فرمایا ،''کیا تمہیں
قُلْ یٰاَیُّھَاالْکَافِرُوْنَ
یاد نہیں؟'' اس نے عرض کیا،''کیوں نہیں۔'' فرمایا،'' یہ چوتھائی قرآ ن کے برابر ہے۔'' پھر فرمایا،'' کیا تجھے
اِذَازُلْزِلَتِ الْاَرْضُ
یا د نہیں؟'' اس نے عرض کیا،'' کیوں نہیں ۔'' فرمایا ،''یہ چوتھائی قرآن ہے۔''پھر دو مرتبہ ارشاد فرمایا ،''شادی کرلو ۔ ''
(ترمذی، کتاب فضائل القرآن ،باب ماجاء فی سورۃ الاخلاص الخ،رقم ۲۹۰۴، ج۴، ص ۴۰۹)
(۱۱۳۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عبا س رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا
،'' اِذَا زُلْزِلَت
نصف قرآن کے برابر ہے اور
قُلْ ھُوَ اللہُ اَحَدٌ
تہائی قرآن کے برابرہے اور
قُلْ یٰاَیُّھَا الْکَافِرُوْنَ
چوتھائی قرآن کے برابر ہے ۔''
(ترمذی، کتاب فضائل القرآن، باب ماجاء سورۃ الاخلاص ..الخ،رقم ۲۹۰۳، ج۴، ص ۴۰۹)
قل ھو اللہ احد پڑھنے کا ثواب
(۱۱۳۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابودَرْدَاء رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ارشاد فرمایا،'' تم میں سے کوئی شخص رات میں تہائی قرآن کیوں نہیں پڑھتا ؟''صحابہ کرام علیھم الرضوان نے عرض کیا،''کو ئی شخص تہائی قرآن کیسے پڑھ سکتا ہے؟'' ارشاد فرمایا،
'' قُلْ ھُوَ اللہُ اَحَدٌ
تہائی قرآن کے برابر ہے۔''
(مسلم ،کتاب صلاۃالمسافرین ، باب فضل قراء ۃ قل ھو اللہ احد ،رقم ۸۱۱ ، ص ۴۰۵)
اور ایک روایت میں ہے کہ اللہ عزوجل نے قرآن کے تین جزء فرمادیئے اور
قُلْ ھُوَ اللہُ اَحَدٌ
کوقرآن کے اجزاء میں سے ایک جزء بنادیا۔
(مسلم ،کتاب صلاۃ المسافرین، باب فضل قراء ۃ قل ھواللہ احد ،رقم ۸۱۱، ص ۴۰۵ )
(۱۱۳۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ارشاد فرمایا، '' اکٹھے ہو جاؤ کیونکہ ابھی میں تمہارے سامنے تہائی قرآن پڑھوں گا۔'' چنانچہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سے جنہیں