Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
404 - 736
سورہ یٰسۤ پڑھنے کا ثواب
(۱۱۲۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا معقل بن یسار رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''( سورۂ) بقرہ قرآن پاک کی رفعت ہے اور اس کی ہر آیت کے ساتھ اسّی(۸۰)ملائکہ نازل ہوئے اور
اَللہُ لَا اِلٰہَ اِلاَّ ھُوَالْحَیُّ الْقَیُّوْمُ
کو عرش کے نیچے سے نکال کر اس سورت کے ساتھ ملایا گیا اور (سورہ )یٰسین قرآن کا دل ہے جو اسے ا ﷲعزوجل کی رضااور آخرت کی بہتری کے لئے پڑھے گا اس کی مغفرت کر دی جائے گی ۔''
(مسند احمد ،حدیث معقل بن یسار، رقم ۲۰۳۲۲، ج۷ ،ص ۲۸۶)
(۱۱۲۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا جندب رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت، محسنِ انسانيت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جس نے کسی رات میں اللہ عزوجل کی رضا کے لئے( سورۂ) یٰسۤ پڑھی اس کی مغفرت کردی جائے گی۔''
(الاحسان بترتیب صحیح ابن حبان ،کتاب الصلاۃ ، فصل فی قیام اللیل ،رقم ۲۵۶۵ ،ج ۴ ، ص ۱۲۱)
(۱۱۳۰) ۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' بیشک ہر چیز کا ایک دل ہے اور قرآن کا دل (سورۂ) یٰس ہے اور جو ایک مرتبہ (سورۂ )یٰسۤ پڑھے گا اس کے لئے دس مرتبہ قرآن پڑھنے کا ثواب لکھا جائے گا ۔''
(ترمذی، کتاب فضائل القرآن ،باب ماجاء فی فضل یٰس ،رقم ۲۸۹۶، ج۴، ص ۴۰۶)
سورہ دُخَان پڑھنے کا ثواب
(۱۱۳۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جو کسی رات میں سورہ دخان پڑھے گا تو صبح ہونے تک ستر ہزارفرشتے اس کے لئے د عائے مغفرت کرتے رہیں گے۔''
(ترمذی، کتاب فضائل القرآن ،باب ماجاء فی فضل حم الدخان، رقم ۲۸۹۷، ج ۴، ص ۴۰۶ )
Flag Counter