Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
397 - 736
سورۃ البقرۃ پڑھنے کا ثواب
(۱۱۱۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' ہر چیز کی ایک بلندی ہے اور قرآن کی بلندی (سورۂ ) بقرہ ہے ،جو شخص رات کو اسے اپنے گھر میں پڑھے گا شیطان تین راتو ں تک اس گھر میں داخل نہ ہو سکے گااور جو دن میں اسے پڑھے شیطان تین دن اس کے گھر میں داخل نہ ہوسکے گا ۔''
( الا حسان بتر تیب صحیح ابن حبان ،کتاب الرقائق ،باب قراء ۃ القرآن ،رقم ۷۷۷،ج۲ ،ص ۷۸ )
 (۱۱۱۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانيت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''اپنے گھرو ں کو قبر ستا ن مت بناؤ ،بےشک جس گھر میں (سورۂ) بقر ہ پڑھی جاتی ہے شیطا ن اس گھر سے بھاگ جاتا ہے ۔''
(مسلم، کتاب صلاۃ المسافرین ،باب استحباب صلاۃالنافلۃ فی بیتہ الخ، رقم ۷۸۰، ص ۳۹۳)
(۱۱۱۴)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابواُمَامَہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا کہ''(سورۂ)بقرہ پڑھا کرو کیونکہ اسکو پڑھنا با عث برکت اور چھوڑ دینا باعث حسرت ہے اورجادوگر اور شیاطین اس کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔''
(مسلم، کتاب صلاۃ المسافرین ،باب فضل قراء ۃ القرآن و سورۃ البقرۃ ،رقم ۸۰۴، ص ۴۰۳)
(۱۱۱۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا اسید بن حضیررضی اللہ تعا لی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نےسرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم  سے عرض کیا ،'' یا رسو ل اللہ !میں رات کو (سورۂ) بقرہ کی تلاوت کررہا تھا کہ اچانک میں نے کسی چیز کے حرکت کرنے کی آواز سنی مجھے خیا ل آیا شاید میرا گھوڑا کھل گیا ہے۔'' تو رسول اﷲ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا، ''اے ابوعتیک پڑھو۔'' میں وہاں سے پلٹا تو دیکھا کہ زمین وآسمان کے درمیان چراغ لٹکے ہوئے ہیں جبکہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم مجھ سے فرمارہے ہیں،'' اے ابو عتیک پڑھو۔'' میں نے عرض کیا ،''یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! میں پڑھنے کی استطاعت نہیں رکھتا۔''تو آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا،'' یہ ملائکہ ہیں جو سورۃ بقرہ کی قراء ت سننے کے لئے نازل ہوئے ہیں اگر تم پڑھتے رہتے تو بہت سے عجائبات دیکھتے ۔''
(الا حسان بترتیب صحیح ابن حبان ، کتاب الرقائق باب قراء ۃ القرآن، رقم ۷۷۶ ،ج۲، ص ۷۷)
Flag Counter