Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
38 - 736
رضائے الٰہی عزوجل کے لئے علم سیکھنے اور سکھا نے کا ثواب
(۲۰)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا صفوان بن عسال المرادی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم مسجد میں اپنا سرخ کمبل اوڑھے ٹیک لگائے تشریف فرماتھے۔ میں نے عرض کیا، ''یارسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم !میں علم حاصل کرنے آیا ہوں۔'' تو آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا'' طالب العلم کو خوش آمدید، بیشک طالب العلم کو ملائکہ اپنے پروں سے ڈھا نپ لیتے ہیں پھران میں بعض ملائکہ دیگر بعض ملائکہ پر سواری کرتے ہوئے طلب علم کی وجہ سے طالب العلم کی محبت میں آسمان دنیا تک پہنچ جاتے ہيں۔''

    ایک اورروایت میں ہے کہ میں نے سرکارِمدینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا کہ ''جو شخص علم کی طلب میں گھر سے نکلتاہے فرشتے اُس کے اِس عمل سے خوش ہوکر اس کے لئے اپنے پر بچھا دیتے ہیں۔''
 (طبرانی کبیر ،رقم ۷۳۴۷ ، ج ۸، ص ۵۴)
(۲۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابودَرْدَاء رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانیت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا کہ ''جو اللہ عزوجل کی رضا کے لئے علم کی جستجومیں نکلتاہے تواللہ تعالیٰ اس کے لئے جنت کا ایک دروازہ کھول دیتاہے اور فرشتے اس کے لئے اپنے پربچھادیتے ہیں اور اس کے لیے دعائے رحمت کرتے ہیں اور آسمانوں کے فرشتے اور سمندر کی مچھلیاں اس کے لیے استغفارکرتی ہیں اور عالم کو عابد پر اتنی فضیلت حاصل ہے جتنی چودھویں رات کے چاند کو آسمان کے سب سے چھوٹے ستارے پر اور علماء انبیاء کرام علیھم السلام کے وارث ہیں ، بیشک انبیاء کرام علیھم السلام درھم ودینار کا وارث نہیں بناتے بلکہ وہ نفوسِ قدسیہ علیھم السلام تو علم کا وارث بناتے ہیں، لھٰذا جس نے علم حاصل کیا اس نے اپنا حصہ لے لیا اور عالمِ کی موت ایک ایسی آفت ہے جس کا ازالہ نہیں ہوسکتااورایک ایسا خلاہے جسے پرُ نہیں کیا جا سکتا (گویا کہ )وہ ایک ستارہ تھا جو ماند پڑ گیا، ایک قبیلے کی موت ایک عالم کی موت سے زیادہ آسان ہے ۔''
  (بیہقی شعب الایمان ، با ب فی طلب العلم ، رقم ۱۶۹۹، ج ۲ ،ص ۲۶۳ )
(۲۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا کہ'' جو کوئی اللہ عزوجل کے فرائض سے متعلق ایک یا دو یا تین یا چار یا پانچ کلمات سیکھے اور اسے اچھی طرح یا د کرلے اور پھر لوگوں کو سکھائے تووہ جنت میں ضرور داخل ہوگا ۔''
Flag Counter