Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
37 - 736
(۱۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،کہ ''اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لئے کوئی ذریعہ دین میں غوروفکر سے افضل نہیں اور بیشک ایک فقیہ عالم شیطان پر ہزار عبادت گزاروں سے زیادہ سخت ہے اور ہر چیز کا ایک ستون ہوتاہے اوراس دین کا ستون فقہ ہے ۔''
   (سنن الدار قطنی ،کتاب البیوع ، رقم ۳۰۶۶، ج ۳ ،ص ۹۷)
علم کی فضیلت کے بارے میں اقوالِ صحابہ وتابعین رضی اللہ عنھم:
    امیرالمومنین حضر ت علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہ الکریم ارشاد فرماتے ہیں کہ ''عالم دین دن بھر روزہ رکھنے والے اور رات بھر قیام کرنے والے مجاہد سے افضل ہے اور جب عالم مر جاتاہے تو اسلام میں ایک ایسا رخنہ پڑ جاتاہے جسے اس عالم کے جانشین کے علاوہ کوئی پُر نہیں کرسکتا ۔''

    حضرتِ سیدنا ابن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں ،''علم کو لازم پکڑو،اس ذات کی قسم جس کے دست قدرت میں میری جان ہے ! اللہ کی راہ میں قتل کئے جانے والے شہداء جب علمائے کرام کی عزت اور مرتبہ دیکھیں گے تو تمنا کریں گے کہ کاش ! اللہ عزوجل انہیں اس حال میں اٹھاتاکہ وہ عالم ہوتے اور بیشک کوئی شخص پیدائشی عالم نہیں ہوتا بلکہ علم تو سیکھنے سے آتاہے۔''

     حضرتِ سیدنا ابو الاسود علیہ الرحمۃفرماتے ہیں کہ ،''کوئی شے علم سے افضل نہیں، بادشاہ لوگوں پر حکمران ہیں اور علماء بادشاہوں پر حکمران ہیں۔ ''

     حضرتِ سیدنا عبداللہ بن مبارک رضی اللہ تعالی عنہ سے پوچھا گیاکہ'' انسان کون ہیں ؟''فرمایا،'' علماء۔'' پھر پوچھا گیا کہ ''بادشاہ کو ن ہیں ؟''فرمایا،'' آخرت کے لئے دنیا سے روگردانی کرنے والے۔'' پھرپوچھا گیا کہ'' بے وقوف کون ہیں ؟'' فرمایا،'' اپنے دین کے بدلے دنیا کمانے والے لوگ۔''
  (المحدث الفاصل،ج۱،ص۲۰۵)
Flag Counter