(۱۰۳۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایاکہ ''جسے راہِ خدا عزوجل میں ایک زخم لگے وہ قیامت کے دن آئے گا تو اس کی بو مشک کی سی اور اس کا رنگ زعفران جیسا ہوگا، اس پر شہداء کی مہر لگی ہو گی اورجو شخص اخلاص کے ساتھ اللہ عزوجل سے مرتبہ شہادت طلب کریگا اللہ عزوجل اسے شہادت کا ثواب عطافرمائے گااگرچہ اس کا انتقال اپنے بستر پر ہوا ہو۔''
(الاحسان بترتیب ابن حبان، باب ذکرالجنائز ، فصل فی الشھید ،رقم ۳۱۸۱ ،ج ۵،ص۷۷)
(۱۰۳۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایاکہ'' جو مسلمان اونٹنی کو دومرتبہ دوہنے کے درمیانی وقت کے برابر راہ ِخدا عزوجل میں جہا دکرتاہے تو اس کے لئے جنت واجب ہو جاتی ہے اور جسے راہِ خدا عزوجل میں ایک زخم لگے یا کوئی ایک مصیبت پہنچے وہ زخم قیامت کے دن اس طرح ہو گا کہ اس کا رنگ زعفران کا اور خوشبو مشک کی ہو گی۔''
(تر مذی ،کتاب فضائل الجہاد ، باب ماجاء فیمن یکلم فی سبیل اللہ، رقم ۱۶۶۲ ، ج ۳ ، ص ۲۴۷)
گزشتہ صفحات میں حضرتِ سیدنا ابودَرْدَاء رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث مبارکہ گزرچکی ہے کہ'' جسے اللہ عزوجل کی راہ میں کوئی زخم لگے اس پر شہداء کی مہر لگادی جاتی ہے جو اس کے لئے قیامت کے دن نور ہوگی اور اس(مہر) کا رنگ زعفران جیسا اور اس کی خوشبومشک جیسی ہوگی اور اس (مہر) کی وجہ سے اسے اولین و آخرین پہچان لیں گے اور کہیں گے کہ فلاں پر شہداء کی مہر لگی ہوئی ہے ۔''