Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
354 - 736
راہِ خدا عزوجل میں روزہ رکھنے کاثواب
(۹۹۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو سعید خُدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''جوبندہ راہِ خداعزوجل میں ایک دن روزہ رکھے گا اللہ عزوجل اس کے بدلے اس کے چہر ے کو جہنم سے ستّر سال کی مسافت دورکردے گا۔''
(مسلم ،کتا ب الصیام، باب فضل الصیام فی سبیل اللہ لمن یطیقہ ،رقم ۱۱۵۳،ص ۵۸۱)
(۹۹۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''جو راہِ خدا عزوجل میں ایک دن روزہ رکھے گا اللہ عزوجل اس کے بدلے اس کے چہرے کو جہنم سے ستّرسال کی مسافت دور فرمادے گا۔''
(نسائی ،کتا ب الصیام ،باب ثواب من صام یوما فی سبیل اللہ، ج۴، ص ۱۷۲)
(۹۹۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عمرو بن عبسہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانيت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''جو راہِ خداعزوجل میں ایک روزہ رکھے تو جہنم اس کے چہرے سے سو سال کی مسافت تک دورہوجائے گی۔''
 (طبرانی اوسط ،من اسمہ بکر، رقم ۳۲۴۹ ،ج۲ ،ص ۲۶۸)
(۱۰۰۰)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا انس رضی اللہ عنہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''جو راہِ خدا عزوجل میں رمضان کے علاوہ کسی مہینے میں ایک روزہ رکھے وہ جہنم سے تیز رفتا ر دبلے گھوڑے کی سوسال کی مسافت تک دور ہوجائے گا۔''
(ابو یعلی مسند سھل بن معا ذ بن اَنَس، رقم ۱۴۸۴، ج۲ ،ص ۳۶)
(۱۰۰۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابودَرْدَاء رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیعِ روزِ شُمار، دو عالَم کے مالک و مختار، حبیبِ پروردگارصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''جس نے راہ ِ خدا عزوجل میں ایک روزہ رکھا اللہ عزوجل اس کے اور جہنم کے درمیان زمین وآسمان جتنی ایک خندق بنادے گا۔''
(ترمذی، کتا ب فضائل الجہاد، باب فضل الصوم فی سبیل اللہ ،رقم ۱۶۳۰ ،ج۳ ،ص ۲۳۳)
(۱۰۰۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا معاذرضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''بے شک راہ ِ خدا میں نماز،روزہ اور ذکر کا ثواب خرچ کرنے سے سات سو گنازیادہ ہے ۔''
 (ابو داؤد ،کتا ب الجہاد، با ب فی تضعیف الذکر، رقم ۲۴۹۸ ،ج ۳، ص ۱۳)
Flag Counter