Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
333 - 736
راہ خداعزوجل میں پیدل چلنے اور پاؤں گردآلود ہونے کا ثواب
(۹۳۰)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدناابی المُصَبِّح المُقرائی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ہم روم کی سرزمین پرمحو ِسفر تھے۔ حضرتِ سیدنا مالک بن عبد اللہ خَثمِی رضی اللہ تعالیٰ عنہ لشکر کے سالار تھے ۔جب حضرتِ سیدنا مالک رضی اللہ عنہ حضرتِ سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قریب سے گزرے جو اپنے خچر کی لگا م تھامے آگے جارہے تھے تو حضرتِ سیدنا مالک رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا،''اے بندے! اللہ تعالی نے تمہیں سواری دی ہے اس پر سوار ہوجاؤ۔'' تو حضر ت جابر رضی اللہ عنہ نے فرمایا،'' میں اپنی سواری سدھارہاہوں اور اپنی قوم سے بے پرواہ ہوں اورمیں نے رسول اللہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا،'' جس کے قدم راہِ خداعزوجل میں گردآلود ہوجائیں اللہ عزوجل اسے جہنم پر حرام فرمادیتاہے۔''

     ان کی بات حضرت سیدنا مالک رضی اللہ عنہ کو پسند آئی پھر وہ آگے بڑھ گئے یہا ں تک کہ ایک ایسے مقام پر پہنچے جہاں خاموشی تھی ۔کسی نے بلند آواز سے کہا، ''اے ابوعبد اللہ!اللہ عزوجل نے تمہیں سواری عطا فرمائی ہے لہذا اس پر سوار ہو جاؤ۔'' تو حضرتِ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ منادی کا مقصد سمجھ گئے، چنانچہ فرمایا، ''میں اپنی سواری سدھارہا ہوں اور اپنی قوم سے بے پرواہ ہوں اورمیں نے رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا،'' جس کے قدم راہِ خداعزوجل میں گردآلود ہوجائیں اللہ عزوجل اسے جہنم پر حرام فرمادیتاہے۔''یہ سن کر لوگ اپنی سواریوں سے اتر پڑے ۔ راوی فرماتے ہیں کہ میں نے اس دن ان سے زیادہ پیدل چلنے والا نہیں دیکھا ۔''
(الاحسان بتر تیب صحیح ابن حبان ، کتاب السیر ، باب فضل الجہاد ، رقم ۴۵۸۵، ج۷ ،ص ۶۱)
 (۹۳۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عبدالرحمن بن جَبْررضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جس بندے کے پاؤں راہ خدا عزوجل میں گرد آلود ہوئے انہیں جہنم کی آگ نہ چھوئے گی ۔''
   (بخاری ،کتاب الجہادوالسیر، با ب من اغبر ت قد ماہ۔۔۔۔۔۔ الخ ،رقم ۲۸۱۱، ج۲، ص ۲۵۷)
    ایک روایت میں ہے ،'' جو پاؤں راہِ خداعزوجل میں گردآلود ہوجائیں وہ جہنم کی آگ پر حرام ہیں۔''
 (جامع التر مذی ، کتاب فضائل الجہاد ، باب ماجاء فی فضل من اغبرت قد ماہ فی سبیل اللہ ، رقم ۱۶۳۸، ج۳ ،ص ۳۳۵)
 (۹۳۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدناابو اُمَامَہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''جس شخص کا چہرہ راہِ خداعزوجل میں گردآلودہوجائے اللہ عزوجل اسے قیامت کے دن جہنم کے دھویں سے امان عطا فرمائے گا اور جس شخص کے قدم راہِ خداعزوجل
Flag Counter