Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
332 - 736
اہل زمین پر ظاہر ہوجائے تو زمین وآسمان کے درمیان کی ہر چیزکو روشن کردے اور اس کوخوشبوسے بھردے اورحور عین کے سر کی اوڑھنی دنیا اوراسکی ہر چیز سے بہتر ہے۔''
  (بخاری، کتا ب الجہاد ،باب الحور العین الخ ،رقم ۲۷۹۶ ،ج۲، ص ۲۵۲)
(۹۲۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدناابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''اللہ عزوجل اپنی راہ میں نکلنے والوں کو ضمانت دیتاہے کہ جس بندے کو صرف میری راہ میں جذبۂ جہاد ،ایمان اورمیرے رسولوں کی تصدیق نے گھر سے نکالا ہے تو اب وہ میری کفا لت میں ہے میں اسے جنت میں داخل کروں یا اسے ثواب اور غنیمت عطافرمانے کے بعد اسے واپس اس کے گھر تک پہنچاؤں ۔''
( صحیح مسلم ،کتاب الامارۃ ،باب فضل الجہاد والخروج فی سبیل اللہ،رقم ۱۸۷۶، ص ۱۰۴۲ )
(۹۲۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدناسہل بن سعدرضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''جومسلمان اللہ عزوجل کی راہ میں جہاد کرتے ہوئے یا حج کے لئے یا لَااِلٰہَ اِلَّااللہُ یا تلبیہ پڑھتے ہوئے سفر کرتا ہے توسورج اس کے گناہوں کو لیکر غروب ہوتاہے۔"
 (المعجم الاوسط طبرانی ،رقم ۶۱۶۵،ج۴ ،ص ۳۳۷ )
(۹۲۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنامعاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے ہمارے ساتھ پانچ چیزوں کا وعدہ فرمایا ہے، جو شخص ان میں سے ایک پر بھی عمل کریگا وہ اللہ عزوجل کے ذمۂ کرم میں ہوگا،(۱)جو مریض کی عیادت کرے، یا(۲) جنازے کے ساتھ چلے، یا(۳) اللہ عزوجل کی راہ میں جہاد کے لئے نکلے ،یا (۴)حاکمِ اسلام کے پاس آئے اورنیک اورجائز باتوں میں اسکی اطاعت کرے ،یا(۵) اپنے گھرمیں اس لئے بیٹھارہے کہ وہ لوگوں کے اور لوگ اس  کے شر سےمحفوظ رہیں۔''
   (مسند احمد،مسند الانصار،حدیث معا ذ بن جبل ،رقم ۲۲۱۵۴، ج۸، ص ۲۵۵)
Flag Counter