Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
327 - 736
جہاد کا ثواب

سچے دل سے اللہ عزوجل سے طلبِ شھادت کاثواب
(۹۱۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،'' جو سچے دل سے شہادت طلب کرے اسے شہادت عطاکردی جاتی ہے اگرچہ وہ( بظاہر) اسے نہ پا سکے ۔''
(مسلم ،کتا ب الامارۃ، با ب استحباب طلب الشھادۃ ،رقم ۱۹۰۸، ص ۱۰۵۷ )
(۹۱۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا سہل بن حنیف رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''جو سچے دل سے اللہ عزوجل سے شہادت کاسوال کریگا اللہ عزوجل اسے شہداء کی منزل میں پہنچادے گا اگرچہ اس کا انتقال اپنے بستر پر ہوا ہو۔''
    (مسلم ،کتاب الامارۃ ،باب استحباب طلب الشھادۃ ،رقم ۱۹۰۹، ص ۱۰۵۷)
(۹۱۳)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا معاذبن جبل رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا ،'' جس نے اونٹنی کو دومرتبہ دوہنے کے درمیانی وقت تک اللہ عزوجل کی راہ میں جہاد کیا، اس کے لئے جنت واجب ہوجاتی ہے اور جس نے اللہ عزوجل سے سچے دل سے شہادت کا سوال کیا پھر وہ مرگیایا اسے قتل کردیا گیا تو اس کے لئے شہید کا ثواب ہے۔''
(ابو داؤد، کتا ب الجہاد ،با ب فیمن سال اللہ تعالی الشھادۃ،رقم ۲۵۴۱ ،ج۳، ص ۳۰)
Flag Counter