| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۸۷۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما فرماتے ہیں کہ فلاں شخص عرفہ کے دن حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کا ردیف تھا (یعنی رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سواری پر سوار تھا )وہ نوجوان عورتوں کو دیکھنے لگا اور عورتوں نے بھی اس کی طر ف دیکھا تو رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا،'' اے نوجوان !یہ وہ دن ہے کہ جوشخص اس میں اپنی سماعت ،بصارت اور زبان پر قابوپالے اس کی مغفرت کردی جاتی ہے۔''
(ابن خزیمہ ، کتاب الحج ، باب فضل حفظ البصر والسمع الخ ، رقم ۲۸۳۲،ج۴، ص ۲۶۱)
(۸۷۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا فضل بن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے مروی ہے کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جو عرفہ کے دن اپنی زبان، سماعت اور بصارت کی حفاظت کرے اس کے اس سال سے اگلے سال تک کے گناہ معاف کردئیے جاتے ہیں۔''
( شعب الایمان ،باب فی الصیام ، فصل تخصیص یوم عر فۃ بالذکر، رقم ۶۸ ۳۷، ج۳، ص ۳۵۸ )