Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
303 - 736
تلبیہ پڑھنے کا ثواب
(۸۳۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جب کوئی شخص تلبیہ پڑھتا ہے تواس کے دائیں بائیں دونوں طرف زمین کی انتہا تک موجود درخت اور پتھر اور مٹی اس کے ساتھ تلبیہ پڑھتے ہیں۔''
    (ترمذی، کتا ب الحج ،باب ماجاء فی فضل التلبیہ والنحر ،رقم ۸۲۹، ج۲، ص ۲۲۶)
(۸۳۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جومُحرِم (یعنی احرام باندھنے والا )دن کی ابتداء سے غروب آفتاب تک تلبیہ پڑھتاہے تو سورج غروب ہوتے وقت اس کے گناہوں کو ساتھ لے جاتاہے اور وہ شخص گناہوں سے ایسا پاک ہوجاتاہے جیسا اس دن تھا جس دن اسکی ماں نے اسے جنا تھا ۔''
   (ابن ماجہ، کتا ب المناسک ،باب الظلال للمحرم ،رقم ۲۹۲۵، ج۳، ص ۴۲۴)
(۸۳۷)۔۔۔۔۔۔ امام طبرانی علیہ الرحمۃنے حضرتِ سیدنا عامر بن ربیعہ رضی اللہ تعالی عنہ سے اسی طرح کی ایک روایت نقل کی ہے۔

(۸۳۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا زید بن خالد جُہنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''میرے پاس جبرئیل امین علیہ السلام حاضرہوئے اور عرض کیا کہ اپنے صحابہ کرام علیہم الرضوان کو حکم دیجئے کہ تلبیہ پڑھتے وقت اپنی آوازوں کو بلند کیا کریں کیونکہ بلندآواز سے تلبیہ پڑھنا حج کے شعار میں سے ہے۔ ''
(ابن ماجہ، کتا ب المناسک ،باب رفع الصوت بالتلبیہ ،رقم ۲۹۲۳ ،ج۳ ،ص ۴۲۳)
(۸۳۹)۔۔۔۔۔۔ اس روایت کو ابوداؤد نے اور ترمذی نے اسے صحیح قراردیکر حضرتِ سیدنا خلّاد بن سائب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے اور انہوں نے اپنے والد سے روایت کیا ۔
    (جامع التر مذی ، کتاب الحج ، باب ، ماجاء فی رفع الصوات بالتلیۃ ،رقم ۸۳۰ ، ج۲ ،ص ۲۲۷)
(۸۴۰)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جو مسلمان اللہ عزوجل کی راہ میں جہاد کرتے ہوئے یا حج کرنے کیلئے تہلیل یا تلبیہ پڑھتے ہوئے چلے تو سورج اس کے گناہوں کو غروب ہوتے وقت ساتھ لے جاتاہے اور وہ مسلمان گناہوں سے پاک ہوجاتاہے۔''
(طبرانی اوسط ،رقم ۶۱۶۵، ج۴، ص ۳۳۷)
(۸۴۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''جو شخص بلند آواز کے ساتھ تلبیہ پڑھتاہے سورج اس کے گناہوں کو ساتھ لے کر غروب ہوتاہے۔''
( شعب الایمان ،باب فی المناسک فصل فی الاحرام والتلبیۃ ،رقم ۴۰۲۹،ج۳ ،ص ۴۴۹)
Flag Counter