(۸۲۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''یہ گھر اسلام کے ارکان میں سے ایک رکن ہے تو جس نے اس گھر کا حج یا عمرہ کیا وہ اللہ عزوجل کی ضمانت میں ہے اگر مرجائے تو اسے جنت میں داخل فرمائے گا اور اگر اپنے گھر کی طرف واپس ہو تو ثواب وغنیمت لے کر لوٹے گا۔''
(مجمع الزوائد، کتا ب الحج، باب فضل الحج والعمرۃ ،رقم ۵۲۷۵، ج۳، ص ۴۷۹)
(۸۲۷)۔۔۔۔۔۔ ام المومنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ، ''جو اس سمت حج یا عمرہ کرنے نکلا پھرراستے میں ہی مرگیاتواس سے کوئی سوال نہ کیاجائے گا اورنہ ہی اس کا حساب ہوگا اور اس سے کہاجائے گا کہ جنت میں داخل ہوجا۔''
(المعجم الاوسط ،رقم ۵۳۸۸ ،ج ۴ ،ص ۱۱۱)