| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۸۲۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو طَلِیْق رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے آقائے مظلوم، سرورِ معصوم، حسنِ اخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا ،''کونسا عمل آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ حج کرنے کے برابر ہے؟''ارشاد فرمایا ، ''رمضان میں عمرہ کرنا ۔''
(طبرانی کبیر ،رقم ۸۱۶ ،ج۲۲ ،ص ۳۲۴)
(۸۲۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما فرماتے ہیں کہ حضرتِ سیدنا اَنس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی والدہ حضرتِ سیدتنا ام سليم رضی اللہ تعالی عنہا نے نبی مُکَرَّم،نُورِ مُجسَّم، رسول اکرم، شہنشاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی بارگاہ میں حاضرہوکر عرض کیا،'' ابوطلحہ اور اس کے بیٹے حج کے لئے چلے گئے اورمجھے گھرچھوڑگئے ہیں۔'' رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا،''اے ام سلیم! رمضان میں عمرہ کرنا میرے ساتھ حج کرنے کے برابرہے ۔''
(الاحسان بترتیب ابن حبان ، کتاب الحج ،باب فضل الحج والعمرۃ ،رقم ۳۶۹۱، ج۲، ص ۵)