| جنت میں لے جانے والے اعمال |
(۷۸۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا مسلم قُرشی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم سے ساری زندگی روزے رکھنے کے بارے میں سوال کیا توآپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا،'' نہیں، تمہارے اہل خانہ کا بھی تم پر حق ہے ،رمضا ن کارو زہ رکھو او راس کے بعد والے مہینے کے روزے اور ہر بدھ اور جمعرا ت کے روزے رکھاکرو تو گویا تم نے ساری زندگی رو زے بھی رکھے اور افطار بھی کیا۔''
(جامع التر مذی ، کتاب الصوم ، باب ماجاء فی صوم الاربعاء والخمیس ، رقم ۷۴۸ ، ج ۲، ص ۱۸۷)
(۷۸۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا اَنس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا ،''جس نے بد ھ جمعرات اورجمعہ کارو زہ رکھا اللہ عزوجل اس کے لئے جنت میں موتی، یاقوت اور زبرجد کاایک محل بنائے گا اور اس کے لئے جہنم سے آزادی لکھ دی جائے گی۔ ''
(المعجم الاوسط ،من اسمہ احمد ،رقم۲۵۴، ج۱ ، ص ۸۷)
(۷۸۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عبا س رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''جس نے بدھ، جمعرات اور جمعہ کا رو زہ رکھا اللہ عزوجل اس کے لئے جنت میں ایک ایسا محل بنائے گا جس کا با ہر اندر سے اور اندر ونی حصہ باہر سے نظر آئے گا ۔''
(المعجم الاوسط ،من اسمہ احمد ،رقم۲۵۳ ، ج ۱، ص ۸۷)
(۷۸۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو اُمَامَہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، '' جس نے بدھ، جمعرات اور جمعہ کا رو زہ رکھا اللہ عزوجل اس کے لئے جنت میں ایک ایسا محل بنائے گا جس کا با ہر اندر سے اور اندر ونی حصہ باہر سے نظر آئے گا ۔''
(طبرانی کبیر ،رقم ۷۹۸۱ ،ج۸ ،ص ۲۵۰)
(۷۸۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا، ''جس نے بدھ ، جمعرات اور جمعہ کا رو زہ رکھا اس کے لئے جہنم سے آزادی لکھ دی جائے گی۔''
(مسند ابی یعلی الموصلی ، مسند عبد اللہ بن عمر ، رقم ۵۶۱۰ ، ج ۵ ، ص ۱۱۵)
(۷۹۰)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے مروی ہے کہ شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، '' جس نے بدھ ،جمعرات اور جمعہ کے دن رو زہ رکھا پھر جمعہ کے دن تھوڑا یا زیادہ صدقہ دیا تو اس کا ہر گناہ معا ف کردیا جائے گا، یہاں تک کہ وہ گناہوں سے ایسا پاک ہوجائے گا جیسا اس دن تھا جس دن اس کی ماں نے اسے جناتھا۔''
(شعب الایمان ، باب فی الصیام ،رقم ۳۸۷۲ ،ج۳،ص۳۹۷)