| جنت میں لے جانے والے اعمال |
قربانی کا دن وہ ہے جس دن حاکم اسلام قربانی کرے۔'' پھر فرمایا،'' اے مسروق! کیا تم نے نہیں سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم عرفہ کے روزے کو ایک ہزاردن کے برابر سمجھتے تھے ۔''
(مجمع الزوائد ، کتاب الصیام ، باب صیام یوم عر فۃ ، رقم ۵۱۴۳ ، ج ۳ ،ص ۴۳۶)
ایک اور روایت میں ہے کہ ام المومنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا نے فرمایا کہ'' شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال،، دافِعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم فرمایا کرتے تھے کہ عرفہ کا روزہ ایک ہزار دن کے روزوں کے برابر ہے۔''
(شعب الایمان ، باب فی الصیام تخصیص یوم عر فۃ ،رقم ۳۷۶۴ ،ج۳، ص ۳۵۷)
محرم میں روزہ رکھنے کا ثواب
(۷۵۵)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امين صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''رمضان کے بعد سب سے افضل روزے اللہ عزوجل کے مہینے محرم کے ہیں اور فرض نماز کے بعد سب سے افضل نماز رات کی نماز ہے۔''
( صیحیح مسلم ، کتاب الصیام ،با ب صوم المحرم ،رقم ۱۱۶۳، ص ۵۹۱)
(۷۵۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا جُنْدَب بن سفیان رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانيت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم فرمایاکرتے تھے، ''فرض نماز کے بعد سب سے افضل نماز رات کی نماز ہے اور رمضان کے بعد سب سے افضل روزے اللہ عزوجل کے اس مہینے کے ہیں جسے تم محر م کہتے ہو''۔
(مجمع الزوائد ،کتا ب الصیام ، با ب الصیام فی شھر اللہ المحرم ،رقم ۵۰ ۵۱ ،ج ۳، ص ۴۳۷)
(۷۵۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے مروی ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا،''جس نے عرفہ کے دن کا روزہ رکھا تو یہ اس کے لئے دوسالوں( کے گناہوں) کاکفارہ ہے اور جس نے محرم کے ایک دن کا روزہ رکھا تو اس کے ہر دن کا روزہ تیس دنوں (کے گناہوں ) کا کفارہ ہے ۔''
(طبرانی کبیر ،رقم ۱۱۰۷۱ ، ۱۱۰۸۲،ج ۱۱، ص ۶۰)