Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
273 - 736
دوسروں کو کھا تا د یکھ کر صبر کرنے والے روزہ دار کاثواب
(۷۳۷)۔۔۔۔۔۔ حضر ت ام عمارہ انصاریہ رضی اللہ تعالی عنہا فرماتی ہیں کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم میرے پاس تشریف لائے تو میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں کھانا پیش کیا تو ارشاد فرمایا،'' تم بھی کھاؤ ۔'' میں نے عرض کیا،''میں روزے سے ہوں۔'' تو رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا،''جب تک روزہ دار کے سامنے کھانا کھایا جاتاہے فرشتے اس روزے دار کے لئے دعائے مغفرت کرتے رہتے ہیں۔''

    ایک روایت میں ہے کہ'' کھانے والا جب تک پیٹ بھر لے ۔''
(الاحسان بترتیب ابن حبا ن،کتاب الصوم، باب فضل الصوم، رقم ۳۴۲۱، ج ۵،ص ۱۸۱)
(۷۳۸)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا بریدہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے حضرتِ سیدنا بلال رضی اللہ تعالی عنہ سے فرمایا، ''اے بلال! آؤ ناشتہ کریں۔ ''تو حضرتِ سیدنا بلال رضی اللہ عنہ نے عرض کیا ، ''میں روزہ سے ہوں۔''تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا،''ہم اپنا رزق کھارہے ہیں اور بلال رضی اللہ عنہ کا رزق جنت میں بڑھ رہا ہے۔''پھر فرمایا ، ''اے بلال! کیا تمہیں معلوم ہے کہ جتنی دیر تک روزہ دار کے سامنے کھانا کھایا جاتاہے تواس کی ہڈیا ں تسبیح کرتی ہیں اور ملائکہ اس کے لئے استغفار کرتے رہتے ہیں ۔''
    (ابن ماجہ ،کتاب الصیام، با ب فی الصائم اذا اکل عندہ ،رقم ۱۷۴۹ ،ج ۲، ص ۳۴۸)
Flag Counter