Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
267 - 736
رمضان کی راتوں میں طلبِ ثواب کی نیت سے قیام کرنے والے کا ثواب
(۷۱۶)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت،محسنِ انسانيت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم صحابہ کرام علیہم الرضوان کو حکم دینے کی بجائے رمضان کی راتوں میں قیام کرنے کی ترغیب دلاتے ہوئے فرمایا کرتے کہ جو رمضان میں ایمان اور نیتِ ثواب کے ساتھ قیام کریگا اس کے پچھلے تمام گناہ مٹادئیے جائیں گے۔''
 (صحیح البخار ی، کتا ب صلاۃ التراویح، رقم ۲۰۰۸ ، ۲۰۰۹، ج۱، ص۶۵۸)
(۷۱۷)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے رمضان کو دوسرے مہینوں پر فضیلت دیتے ہوئے ارشاد فرمایا،'' جو رمضان میں ایمان اور نیتِ ثواب کے ساتھ قیام کرے گا(یعنی عبادت کرے گا) گناہوں سے ایسے نکل جائے گا جیسے اس دن تھا جس دن اس کی ماں نے اسے جنا تھا ۔''

    ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ، ''بیشک اللہ عزوجل نے رمضان کے روزے فرض کئے ہیں اور میں نے اس میں قیام کرنے کو تمہارے لئے سنت بنایا اور جس نے رمضان میں ایمان اور نیتِ ثواب کے ساتھ قیام کیا تو گناہوں سے ایسے نکل جائے گا جیسے اس دن تھا جس دن اس کی ماں نے اسے جنا تھا۔''
(سنن نسائی، کتا ب الصیام، ج ۴، ص ۱۵۸)
     گزشتہ صفحا ت میں حضرتِ سیدنا ابو سَعِیْد خُدْرِی رضی اللہ عنہ کی روایت گزرچکی ہے،''جوبندۂ مومن رمضان کی کسی رات میں نَمازپڑھتاہے تو اللہ عزوجل اس کے ہر سجدے کے عو ض اس کے لئے پندرہ سو نیکیاں لکھتاہے اور اس کے لئے سرخ یاقُوت کا ایک محل بناتا ہے جس کے ساٹھ ہزار دروازے ہوتے ہیں اور ہر دروازے پر سونے کی ملمع کاری ہوگی اور اس پر سرخ یاقوت

جَڑے ہوں گے۔''
Flag Counter