Brailvi Books

جنت میں لے جانے والے اعمال
262 - 736
 (۷۰۹)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابواُمَامَہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ، ''اللہ تعالیٰ روزانہ افطاری کے وقت ایک تعداد کو جہنم سے آزاد فرماتاہے۔''
(المعجم الکبیر،رقم ۸۰۸۹، ج۸ ، ص ۲۸۴)
(۷۱۰)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو سَعِیْد رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا، ''بیشک اللہ عزوجل رمضان کے ہر دن اور ہررات میں ایک تعداد کو جہنم سے آزاد فرماتاہے اور رمضان کے ہر دن اور رات میں مسلمان کی دعاقبول کی جاتی ہے ۔''
(التر غیب والترہیب، کتاب الصوم، با ب الترغیب فی صیام رمضان الخ، رقم ۲۷ ،ج۲، ص ۶۳)
(۷۱۱)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ سیِّدُ المبلغین، رَحْمَۃ لِّلْعٰلَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ، ''میری امت کو رمضان میں پانچ ایسی چیزیں عطاکی گئیں جو مجھ سے پہلے کسی نبی کو عطا نہیں کی گئیں ،پہلی: یہ کہ جب رمضان کی پہلی رات آتی ہے تو اللہ عزوجل ان پر نظرِ رحمت فرماتا ہے اور جس کی طرف اللہ عزوجل نظرِ رحمت فرمائے اسے کبھی عذاب نہیں دے گا ،دوسری: یہ کہ شام کے وقت ان کے منہ کی بو اللہ عزوجل کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بھی زیادہ پاکیزہ ہوتی ہے ، تیسری: یہ کہ ملائکہ ہردن اور رات میں ان کے لئے استغفارکرتے ہیں ، چوتھی: یہ کہ اللہ عزوجل اپنی جنت کو حکم دیتا ہے کہ تیار ہوجا اور میرے بندوں کے لئے سنور جا ' قریب ہے کہ وہ دنیا کی تھکن مٹانے کے لئے میرے گھر اور میری کریمی کے سائے میں آرام کریں، پانچویں: یہ کہ جب رمضان کی آخری رات ہوتی ہے تو ان سب کی مغفرت کردی جاتی ہے ۔''کسی نے عرض کیا ،''کیا آخری رات سے مراد لیلۃ القدر ہے؟ ''فرمایا،'' نہیں! کیا تم نہیں جانتے کہ مزدور جب کام مکمل کرکے فارغ ہو جاتاہے تو اسے پورا بدلہ دیا جاتاہے۔''
  (شعب الایمان ،با ب الصیام، فصل فضائل شہر رمضان ،رقم ۳۶۰۳ ،ج۳ ،ص ۳۰۳)
(۷۱۲)۔۔۔۔۔۔ حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا ،''میری امت کو رمضان میں پانچ ایسی خصلتیں عطاکی گئیں ہیں جو ان سے پہلے کسی امت کو عطا نہیں کی گئیں، روزے دا ر کے منہ کی بُو اللہ عزوجل کے نزدیک مشک کی خوشبو سے زیادہ پاکیزہ ہے اور انکے افطار کرنے تک مچھلیاں ان کے لئے استغفارکرتی ہیں اور اللہ عزوجل روزانہ اپنی جنت کو سجا تاہے اور فرماتا ہے کہ ''عنقریب میرے نیک بندوں سے تکلیف اٹھا لی جائے گی اور وہ تیری طرف آئیں گے ،''اور اس میں سرکش شیاطین کو قید کردیا جاتاہے اور وہ رمضان میں اس کا م کے لئے ہرگز کوئی راہ نہیں پاتے جس میں وہ رمضان کے علاوہ مصروف ہوتے تھے اور رمضان کی آخری رات میں ساری امت کی مغفرت کردی جاتی ہے۔ ''عرض کیا گیا ،''یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !کیا یہ آخری رات شب قدر ہے؟'' فرمایا،'' نہیں،مزدور کو پوری مزدوری اسی وقت دی جاتی ہے جب وہ اپنا کام پورا کر لیتاہے۔''
   (مسند احمد ،رقم ۷۹۲۲ ،ج۳، ص ۱۴۴ )
Flag Counter